اسرائیلی فوجی انٹیلی جنس نے وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کو خبردار کیا ہے کہ ایران پر یکطرفہ حملے کے نتیجے میں لبنان، شام اور غزہ سمیت کئی محاذوں پر جنگ چھڑ سکتی ہے۔
اسرائیلی ٹی وی چینل 12 کی رپورٹ کے مطابق فوجی انٹیلی جنس کے اعلیٰ حکام نے گزشتہ ہفتے بند کمرے میں ہونے والے ایک اجلاس کے دوران نیتن یاہو اور سینئر دفاعی حکام کو ممکنہ فوجی کارروائی کے سنگین نتائج سے آگاہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی انٹیلی جنس کا اندازہ ہے کہ ایران پر حملہ صرف دونوں ممالک کے درمیان محدود جنگ تک نہیں رہے گا بلکہ خطے کے متعدد محاذوں پر لڑائی شروع ہوسکتی ہے۔
اسرائیلی فوجی حکام کا یہ انتباہ وزیراعظم نیتن یاہو اور موساد کے سربراہ رومن گوفمین کے مبینہ اس اندازے سے مختلف ہے جس کے مطابق ایران کے خلاف فوجی آپریشن تین سے پانچ روز میں مکمل کیا جاسکتا ہے۔
اسرائیلی اپوزیشن رہنما آویگدور لائبرمین نے بھی حال ہی میں ایران پر حملے کی مخالفت کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ نیتن یاہو امریکی حمایت اور اجازت کے بغیر یکطرفہ فوجی کارروائی کا فیصلہ کرسکتے ہیں۔
لائبرمین کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں ایران پر حملے کا کوئی جواز نہیں اور اگر وزیراعظم ایسا فیصلہ کرتے ہیں تو اس کے پیچھے مکمل طور پر سیاسی محرکات ہوں گے۔
دوسری جانب اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے کان نے ایک نامعلوم ذریعے کے حوالے سے بتایا ہے کہ نیتن یاہو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر زور دے رہے ہیں کہ ایران کے خلاف جلد از جلد فوجی کارروائی کی جائے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے تاحال اس حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا اور وہ ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے معاملے میں ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے چینل 12 کو بند کمرے کے اجلاس میں ہونے والی گفتگو سے متعلق تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان دوبارہ فوجی تصادم کے خدشات کے تناظر میں اسرائیلی سیاسی اور دفاعی قیادت کے درمیان ممکنہ حملے کے وقت، طریقہ کار اور اس کے علاقائی اثرات پر بحث جاری ہے۔