یوم استحصال کشمیر پر فیلڈ مارشل عاصم منیر ،نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف، ائیر چیف مارشل ظہیر بابر سدھواور افواج پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے بہادر عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ افواج پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے بہادر لوگوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کرتی ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مسلح افواج سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کی مستقل حمایت کا اعادہ کرتی ہیں جبکہ بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیرپر غیر قانونی قبضہ، فوجی محاصرے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اورآبادیاتی ساخت کو تبدیل کرنے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کے اشتعال انگیز بیان بازی اور جنگجوانہ اقدامات علاقائی عدم استحکام کو بڑھاوا دینے اور انسانی مصائب کو دائمی بنانے کا کام کرتے ہیں، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن و استحکام کشمیری عوام کی امنگوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل سے اندرونی طور پر جڑا ہوا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام اور مسلح افواج مقبوضہ کشمیرکے شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزادی کی منصفانہ اور جائز جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ کاندھے سے کاندھا ملا کر کھڑے ہیں۔