سہراب گوٹھ کے علاقے ایوب گوٹھ میں گاڑی پر فائرنگ کرکے تاجر کو قتل کرنے کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس نے مقتول تاجر پر فائرنگ کرنے والے حملہ آوروں کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرکے ان کی تلاش شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق منگل کو سہراب گوٹھ تھانے کے علاقے اسکیم 33 ایوب گوٹھ میں موٹر سائیکل سوار 2 نامعلوم مسلح ملزمان نے گاڑی پر فائرنگ کرکے گاڑی میں سوار تاجر 48 سالہ عمران گوگن ولد غلام گوگن کو قتل کر دیا تھا اور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔
مقتول تاجر عمران گوگن کے قتل کا مقدمہ مقتول کے بیٹے نمیر گوگن کی مدعیت میں موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان کے خلاف درج کرکے تفتیش انویسٹی گیشن پولیس کے سپرد کر دی گئی، مقتول تاجر سائٹ اے تھانے کی حدود میں واقع کیمیکل فیکٹری کا مالک تھا۔
مقتول تاجر جمشید روڈ کراچی میں اپنی سوتیلی والدہ کے گھر سے گاڑی میں سوار ہو کر ایلیٹ اسکول سندھ سوسائٹی اسکیم 33 جا رہے تھے کہ ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئے۔
دوسری جانب دوران تفتیش پولیس نے مقتول تاجر پر حملہ کرکے فرار ہونے والے ملزمان کی مختلف روٹس کی سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر لیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق فوٹیجز کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 2 تھی، موٹر سائیکل سوار حملہ آوروں میں سے ایک نے شناخت چھپانے کے لیے ہیلمٹ پہن رکھا تھا جبکہ دوسرا ملزم ساتھ پیچھے بیٹھا تھا، ملزمان نے ریکی کرنے کے بعد گاڑی پر فائرنگ کی۔
پولیس اور دیگر تفتیشی ادارے فوٹیجز کی مزید باریک بینی سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ قاتلانہ حملے میں ملوث ملزمان کے حلیوں، فرار کے راستے اور ممکنہ شناخت کے بارے میں مزید سراغ لگایا جا رہا ہے۔