کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 2 ڈاکو ہلاک، 3 زخمی گرفتار، 2 فرار

12

کراچی:

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلوں میں 2 ملزم ہلاک جبکہ 3 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے جبکہ دو ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

منگھوپیر کے چھوٹا نہر کے قریب پولیس مقابلے میں ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا۔ چھیپا ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی گئی۔ ملزم کی شناخت 45 سالہ خرم ولد مسعود احمد کے نام سے ہوئی۔

دوسری جانب اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کی پولیس پارٹی نے ناردرن بائی پاس پر کالی مٹی فیکٹری کے قریب مبینہ مقابلہ کیا۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 30 سے زائد مقدمات میں مطلوب ملزم خرم ہلاک ہوگیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم کا تعلق بین الصوبائی کار لفٹر گینگ سے تھا اور وہ گاڑی چوری، ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت مختلف جرائم میں ملوث تھا۔ ملزم اس سے قبل بھی 34 مقدمات میں گرفتار ہوچکا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور سمن آباد کے علاقے سے چوری کی گئی کار برآمد ہوئی۔

ادھر نارتھ ناظم آباد پولیس نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب بلاک بی، صائمہ برج ویو اپارٹمنٹ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت 25 سالہ عالم خان ولد لال خان کے نام سے ہوئی، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔

پولیس کے مطابق زخمی ملزم سے پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔ ملزم کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔

نیوکراچی کے سیکٹر الیون آئی ٹاؤن آفس کے قریب بھی پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی شناخت فرقان کے نام سے ہوئی۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔

مزید برآں سرجانی ٹاؤن کے سیکٹر 4 سی میں پولیس کے مبینہ مقابلے کے دوران ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ چھیپا حکام کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت عبدالقادر عرف ڈا ڈا کے نام سے ہوئی، جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی، جبکہ تمام واقعات کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }