قومی کرکٹر محمد رضوان پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایک اور بڑی پابندی عائد کردی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے محمد رضوان کو میڈیا سے بات کرنے سے روک دیا، پی سی بی کا مؤقف ہے کہ رضوان کا معاملہ این سی سی آئی اے میں زیرِ تفتیش ہے، اس لیے میڈیا سے گفتگو کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔
ذرائع کے مطابق رضوان آئی سی سی کو لکھے گئے خط سے متعلق تفصیلات بتانا چاہتے تھے، وہ سینٹرل کنٹریکٹ کی شق 4.1 کا احترام کرتے ہوئے شق 16 استعمال کرنا چاہتے تھے۔
واضح رہے کہ شق 4.1 کے مطابق کھلاڑی بغیر اجازت عوامی بیان نہیں دے سکتا اور شق 16 کے مطابق پی سی بی اور کھلاڑی میں باہمی تعاون ہونا چاہیے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ کے دورے میں 2 ٹیسٹ میچز میں شکست کے بعد جن کھلاڑیوں کو پاکستان واپس طلب کیا گیا تھا، ان میں محمد رضوان بھی شامل تھے۔
پی سی بی نے محمد رضوان اور امام الحق کے موبائل فون بھی تحویل میں لیے تھے جنہیں بعد ازاں این سی سی آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔ دونوں کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے بھی روک دیا گیا تھا۔