۔15ویں اقوام متحدہ کانگریس: پاکستان کا عالمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور۔

یواے ای میں پاکستان کے سفیرجناب شفقت علی خان کاعالمی کانگریس سے خطاب

24

۔15ویں اقوام متحدہ کانگریس: پاکستان کا عالمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور۔

ابوظہبی(نیوزڈیسک):: متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے 15ویں اقوام متحدہ کانگریس برائے انسدادِ جرائم میں پاکستان کا قومی بیان پیش کرتے ہوئے عالمی سطح پر جرائم کی روک تھام، منشیات، دہشت گردی، انسانی اسمگلنگ، بدعنوانی اور سائبر جرائم جیسے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔
ابوظہبی میں 26 ستمبر سے یکم اکتوبر 2026 تک جاری رہنے والی اس عالمی کانگریس سے خطاب کرتے ہوئے سفیر شفقت علی خان نے کانگریس کی میزبانی پر متحدہ عرب امارات کو مبارکباد پیش کی اور بہترین انتظامات، پرتپاک میزبانی اور عالمی برادری کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوششوں کو سراہا۔
پاکستانی سفیر نے اپنے قومی بیان میں جرائم کے بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سماجی و معاشی عدم مساوات، پسماندگی اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز سمیت مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال سے جرائم کی نئی اور پیچیدہ شکلیں سامنے آ رہی ہیں۔ انہوں نے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے عالمی سطح پر نئے عزم کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پائیدار ترقی اور قانون کی حکمرانی ایک دوسرے کو مضبوط بناتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے عالمی برادری کو بین الاقوامی تعاون مزید مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ قومی استعدادِ کار میں اضافہ کرنا ہوگا۔ پاکستان نے خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کے لیے مؤثر تکنیکی معاونت، استعدادِ کار میں اضافے اور جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی کی ضرورت پر زور دیا۔ سفیر نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کی محفوظ، پائیدار اور ذمہ دارانہ ترقی و استعمال کو بھی اہم قرار دیا۔
منشیات اور منظم جرائم کے خلاف پاکستان کا مؤقف
سفیر شفقت علی خان نے بین الاقوامی منظم جرائم اور منشیات کے عالمی مسئلے سے نمٹنے کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے انسدادِ منشیات کے شعبے میں پاکستان کی طویل عرصے سے جاری کوششوں، بڑی مقدار میں منشیات کی ضبطی اور ملک کو پوست سے پاک رکھنے کے اقدامات کو اجاگر کیا۔
انہوں نے افغانستان میں افیون کی کاشت اور مصنوعی منشیات کی پیداوار میں ممکنہ اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے منشیات اور دہشت گردی کے درمیان بڑھتے ہوئے گٹھ جوڑ اور اس کے علاقائی سلامتی پر اثرات کی جانب بھی توجہ دلائی۔
سفیر نے بدعنوانی، منی لانڈرنگ اور غیر قانونی مالیاتی ترسیلات کے خلاف مضبوط اور مؤثر بین الاقوامی اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مجرمانہ سرگرمیوں سے حاصل ہونے والے اثاثوں کی مؤثر واپسی اور مجرموں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہ کرنے کے لیے عالمی سطح پر مربوط کوششیں ناگزیر ہیں۔
انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت کی روک تھام پر زور
انسانی اسمگلنگ اور تارکینِ وطن کی غیر قانونی نقل و حمل کے خلاف پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سفیر شفقت علی خان نے کہا کہ محفوظ، باقاعدہ اور قابلِ استطاعت ہجرت کے راستے بھی ان چیلنجز سے نمٹنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے اسلاموفوبیا، نسل پرستی اور اجنبی دشمنی پر مبنی بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے نفرت انگیز تقاریر کی روک تھام، اسلاموفوبیا کے متاثرین کے لیے قانونی تحفظ مضبوط بنانے اور معاشروں میں باہمی افہام و تفہیم، احترام اور برداشت کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔
۔15ویں اقوام متحدہ کانگریس برائے انسدادِ جرائم جرائم کی روک تھام اور فوجداری انصاف کے شعبے میں اقوام متحدہ کا اہم عالمی فورم ہے، جو ہر پانچ سال بعد منعقد ہوتا ہے۔ کانگریس میں دنیا بھر کے ممالک اور متعلقہ شراکت دار جرائم کی روک تھام، فوجداری انصاف اور بین الاقوامی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی اور اقدامات پر تبادلہ خیال کر رہے ہیں۔
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }