بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2026 میں پاکستان پویلین کا افتتاح
دبئی (نیوزڈیسک):: دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں 6 سے 8 اکتوبر تک منعقد ہونے والی بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ 2026 کی 30ویں نمائش کے موقع پردبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے پاکستان پویلین کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ قونصلر علی زیب خان اور قونصلر محمد ہارون چوہدری بھی ان کے ہمراہ تھے۔
بین الاقوامی سطح کی اس اہم نمائش میں پاکستانی نمائش کنندگان کی شرکت ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے دبئی میں پاکستان قونصلیٹ جنرل کے کمرشل سیکشن کے تعاون سے ممکن بنائی۔
ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام چار پاکستانی کمپنیاں نمائش میں شرکت کر رہی ہیں، جہاں وہ بیوٹی اور پرسنل کیئر کے شعبے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی صنعتی صلاحیت اور اعلیٰ معیار کی مصنوعات پیش کر رہی ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے قونصل جنرل حسین محمد نے بیوٹی اور پرسنل کیئر کی صنعت میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کو اجاگر کیا، بالخصوص بیوٹی انسٹرومنٹس، اسکن کیئر، ہیئر کیئر مصنوعات اور کاسمیٹکس کے شعبوں میں۔
انہوں نے کہا کہ "متحدہ عرب امارات پاکستانی برآمد کنندگان کے لیے ایک اہم منڈی اور وسیع تر علاقائی مارکیٹ تک رسائی کا ایک اہم راستہ ہے۔ بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ ہماری کمپنیوں کو معیاری پاکستانی مصنوعات متعارف کرانے، کاروباری روابط استوار کرنے اور نئی منڈیوں رسائی حاصل کرنے کے لیے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔”
قونصل جنرل نے پاکستان کی برآمدات کے فروغ کے لیے پاکستانی کمپنیوں کی کاوشوں کو سراہا اور انہیں متحدہ عرب امارات کی متحرک مارکیٹ میں دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے پر زور دیا۔
اس موقع پر علی زیب خان نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی بڑھتی ہوئی بیوٹی اور کاسمیٹکس مارکیٹ پاکستانی مینوفیکچررز اور برآمد کنندگان کے لیے اپنی مصنوعات کی رسائی کو وسعت دینے کا ایک اہم موقع پیش کرتی ہے۔ متحدہ عرب امارات پاکستانی مصنوعات کے لیے ایک اہم برآمدی منڈی اور عالمی تجارتی مرکز کی حیثیت رکھتا ہے، جبکہ ان شعبوں کی پاکستانی مصنوعات کی متحدہ عرب امارات کو برآمدات میں بھی مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
بیوٹی ورلڈ مڈل ایسٹ نے عالمی بیوٹی انڈسٹری کے اہم اداروں اور کاروباری نمائندگان کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا، جہاں 70 ممالک سے 1,400 سے زائد نمائش کنندگان نے شرکت کی۔ نمائش میں خوشبوؤں، کاسمیٹکس اور اسکن کیئر، ہیئر کیئر، بیوٹی ٹیکنالوجی، مشینری و پیکیجنگ، پرفیومری، پرسنل کیئر اور حفظانِ صحت سمیت مختلف شعبوں کی مصنوعات اور جدید ٹیکنالوجیز پیش کی گئیں۔