پاکستان کیلیے سرحدیں کھلی ہیں، ایل پی جی کی برآمدات پر بھی کوئی پابندی نہیں؛ ایران

16

پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے پاکستان کے لیے ایرانی سرحدیں بند کرنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پاکستان کو ایل پی جی سمیت کسی بھی ایرانی سامان کی برآمد پر کوئی پابندی عائد نہیں۔

ایرانی سفیر نے اتوار 25 اکتوبر کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے تفصیلی بیان میں کہا کہ ایران کی اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدیں کھلی ہیں اور موجودہ حالات میں بالخصوص برادر ملک پاکستان کے ساتھ سرحد بند کرنا نہ تو منطقی ہوگا اور نہ ہی یہ دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔

رضا امیری مقدم نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی جانب سے پاکستان کو ایل پی جی سمیت ایرانی مصنوعات کی برآمد پر فی الحال کوئی پابندی نہیں ہے۔

ان کے مطابق پاکستان میں ایران سے درآمدات کے لیے ای فارم کے طریقہ کار پر عمل درآمد میں تبدیلیوں نے ایسی صورت حال پیدا کردی ہے کہ تاجر عملی طور پر ایران سے پاکستان سامان روانہ کرنے سے قاصر ہیں۔

ایرانی سفیر نے کہا کہ اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے پاکستانی حکام کے ساتھ مشاورت جاری ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیوں کو معمول پر لانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ایل پی جی سے لدے کئی سو ٹرک ایران کی جانب سے رمدان سرحد عبور کرکے پاکستان کے علاقے گبد میں داخل ہو چکے ہیں۔

ان کے بقول تاہم کئی ہفتے گزرنے کے باوجود ان ٹرکوں سے سامان اتارا نہیں جا سکا اور نہ ہی انہیں کلیئرنس مل سکی ہے، جس کے باعث تجارتی سامان کی نقل و حرکت اور دوطرفہ تجارت کا تسلسل متاثر ہو رہا ہے۔

رضا امیری مقدم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان سرحد پار تجارت دونوں ممالک کی اعلیٰ سطح پر طے پانے والے دوطرفہ معاہدوں کا اہم حصہ ہے اور یہ تجارت دونوں ممالک اور ان کے عوام کے مشترکہ مفاد میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران نے اس اہم تجارت کو آسان بنانے اور فروغ دینے کے لیے ہر ممکن کوشش کی ہے اور تہران پاکستانی حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے موجودہ مشکلات دور کرنے، سامان کی ترسیل آسان بنانے اور اقتصادی تعاون مضبوط کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }