
فلم کی دنیا سے باہر ذاتی زندگی میں اداکار عام انسانوں کی طرح زندگی گزارنا پسند کرتے ہیں، اس لیے انہیں ان کے عام حلیے میں پہنچاننا مشکل ہوجاتا ہے۔
ایسا ہی کچھ جنوبی بھارت کے سپر اسٹار اداکار رجنی کانت سے متعلق ہوا جب ایک ہدایتکار ایک شخص کو دیکھ کر نہ صرف حیران رہ گیا بلکہ اسے اس شخص سے بات چیت کا تجسس بھی پیدا ہوا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں موجود شخص ہوبہو سپر اسٹار اداکار رجنی کانت کی طرح دکھائی دے رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں نظر آنے والا شخص سُدھاکر پرابھو ہے جو کوچی میں چائے کی دکان چلاتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پرابھو بھی اسی طرح کے سادہ کپڑے پہنے ہوئے ہیں جو عموماً جنوبی بھارت کے لوگ پہننا پسند کرتے ہیں۔
مذکورہ شخص کو سب سے پہلے ملیالم ہدایتکار نادر شاہ نے نوٹس کیا تھا۔ مداح بھی ویڈیو دیکھنے کے بعد چائے کی دکان کے مالک اور رجنی کانت کے درمیان مشابہت دیکھ کر حیران رہ گئے۔
سُدھاکر پرابھو کی ویڈیوز اور تصاویر وائرل ہونے کے بعد ریاست کیرالہ کے مختلف علاقوں میں انہیں تقریبات میں مدعو کیا جاچکا ہے۔