بنگلا دیش کے مشفق الرحیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا

8

بنگلادیش کے تجربہ کار بیٹر مشفق الرحیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں 7 ہزار رنز مکمل کرکے تاریخ رقم کر دی، وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے ملک کے پہلے بیٹر بن گئے۔

مشفق الرحیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری سلہٹ ٹیسٹ کے آخری روز کھانے کے وقفے کے بعد روسٹن چیز کی گیند پر ایک رن لے کر 7 ہزار رنز مکمل کیے۔ وہ اس تاریخی لمحے سے بظاہر بے خبر رہے، تاہم ڈریسنگ روم میں موجود ساتھی کھلاڑیوں نے کھڑے ہوکر تالیاں بجائیں تو انہیں اندازہ ہوا۔

مشفق الرحیم اس سے قبل بھی ٹیسٹ کرکٹ میں 5 ہزار اور 6 ہزار رنز بنانے والے پہلے بنگلادیشی بیٹر بن چکے ہیں۔ انہوں نے 2022 میں 5 ہزار جبکہ 2024 میں 6 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا تھا۔

بنگلادیش کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کی فہرست میں مومن الحق 5 ہزار 293 رنز کے ساتھ دوسرے جبکہ ریٹائرڈ تمیم اقبال تیسرے نمبر پر ہیں۔ مومن الحق مشفق الرحیم سے تقریباً 2 ہزار رنز پیچھے ہیں۔

ٹیسٹ کرکٹ میں بنگلادیش کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والوں میں بھی مشفق الرحیم سرفہرست ہیں۔ ان کے نام 14 سنچریاں ہیں، جبکہ مومن الحق نے 13 اور تمیم اقبال نے 10 سنچریاں اسکور کر رکھی ہیں۔ مشفق الرحیم کا بہترین انفرادی اسکور 219 ناٹ آؤٹ ہے، تاہم جاری سلہٹ ٹیسٹ میں توحید ہردوئے نے 242 ناٹ آؤٹ رنز بناکر بنگلادیش کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

مشفق الرحیم نے 2005 میں اپنے بین الاقوامی کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اب وہ بنگلادیش کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ میچز کھیلنے والے کرکٹر ہیں۔ سلہٹ ٹیسٹ ان کے کیریئر کا 107واں ٹیسٹ ہے۔ وہ نومبر 2025 میں 100 ٹیسٹ میچز کھیلنے والے پہلے بنگلادیشی کرکٹر بھی بنے تھے۔

مشفق الرحیم نے اپنے کیریئر کا آغاز مڈل آرڈر کے نچلے نمبروں پر بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ سے کیا تھا۔ انہیں ٹیسٹ کرکٹ میں ابتدائی ایک ہزار رنز مکمل کرنے کے لیے 20 میچز درکار ہوئے، تاہم وقت کے ساتھ ٹیم میں ان کا کردار بڑھتا گیا۔ 2011 میں کپتان بننے کے بعد ان کی رنز بنانے کی رفتار میں بھی اضافہ ہوا۔

انہوں نے 6 ہزار سے 7 ہزار ٹیسٹ رنز تک پہنچنے کے لیے صرف 25 اننگز کھیلیں۔ مشفق الرحیم ون ڈے کرکٹ میں 6 ہزار 697 اور ٹی 20 انٹرنیشنل میں ایک ہزار 495 رنز بھی بنا چکے ہیں، تاہم وہ دونوں فارمیٹس سے ریٹائر ہوچکے ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }