شہباز شریف نے یوم اقبال پر علامہ محمد اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت شاعرِ مشرق کی 150 ویں سالگرہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر تقریبات کے ساتھ منائے گی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے 149 ویں یوم پیدائش پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ علامہ اقبال نے مسلمانوں میں سیاسی شعور بیدار کیا اور انہیں اپنی جداگانہ قومی شناخت کا احساس دلایا، جس نے تحریک پاکستان اور حصولِ وطن کی جدوجہد میں کلیدی کردار ادا کیا۔
یوم اقبال 9 نومبر 2026 کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبال اعلیٰ اوصاف کے حامل عظیم فلسفی، مفکر اور مدبر تھے۔ ان کے افکار نوجوانوں اور آنے والی نسلوں کی ذہنی کشادگی اور فکری بالیدگی کا اہم ذریعہ ہیں۔ مفکرِ اسلام کی حیثیت سے انہوں نے اسلامی تعلیمات کی فکری جہتوں کو اجاگر کیا اور ان کے افکار آج بھی مسلمانوں کے لیے عملی رہنمائی فراہم کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے اعلان کیا کہ حکومت علامہ اقبال کی ولادت کی 150 ویں سالگرہ کی تقریبات کا آغاز کر رہی ہے، جو 9 نومبر 2026 سے اگلے سال 9 نومبر تک جاری رہیں گی۔ اس سلسلے میں قومی اور بین الاقوامی سطح پر خصوصی پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جن میں بین الاقوامی کانفرنسیں، علمی و تحقیقی مذاکرے، ادبی میلے، نمائشیں، تعلیمی مقابلے اور ثقافتی سرگرمیاں شامل ہوں گی۔
وزیراعظم کے مطابق ان تقریبات کا بنیادی مقصد اقبال کے فکری ورثے کو نئی نسل تک منتقل کرنا ہے۔ حکومت اس عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے کہ فکرِ اقبال کو تعلیمی اداروں، قومی مباحث اور ملکی ترقی کی ترجیحات میں نمایاں مقام حاصل ہو۔ فکری بیداری، کردار سازی اور اجتماعی احیائے نو قومی مقاصد کا لازمی حصہ ہونا چاہیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ علامہ اقبال کا تصورِ خودی افراد اور اقوام کو خود شناسی، بامقصد جدوجہد اور روحانی آزادی کے ذریعے اپنی تقدیر بدلنے کا درس دیتا ہے۔ اقبال کو نوجوان نسل پر غیر معمولی اعتماد تھا اور وہ نوجوانوں کو قوم کے مستقبل کا معمار سمجھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ اقبال کے تصورِ شاہین میں جرأت، خودمختاری، بلند پروازی اور حصولِ کمال کا عزم پوشیدہ ہے، جو نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے اور بلند مقاصد کے حصول کی ترغیب دیتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ فکرِ اقبال پائیدار قومی ترقی کے لیے امن، سماجی ہم آہنگی، رواداری اور انصاف کی داعی ہے، جبکہ علامہ اقبال کا فلسفہ نفرت، انتہا پسندی، فرقہ واریت اور امتیازی سلوک کی نفی کرتا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر مسلم اتحاد، عالمگیر اخوت اور پُرامن بقائے باہمی کا پیغامِ اقبال آج بھی غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ پاکستان علامہ اقبال کی فکری رہنمائی میں مسلم امہ کے درمیان اتحاد و یکجہتی کے فروغ اور عالمی تنازعات کے پُرامن حل کی حمایت جاری رکھے گا۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علامہ اقبال کے انفرادی، قومی اور عالمی اقدار پر مبنی لازوال پیغام کو مشعلِ راہ بناتے ہوئے ان کے افکار پر سنجیدہ علمی تحقیق، تخلیقی فکر کی حوصلہ افزائی اور قومی کردار کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔