عمران خان کے لیے حکومت کے پاس نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ڈھیل، طارق فضل چوہدری

12

وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے لیے حکومت کے پاس نہ کوئی ڈیل ہے نہ ڈھیل، بانی کی رہائی کا واحد راستہ عدالتیں ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو طبی معائنے کی سہولت حاصل ہے اور بیرسٹر سلمان صفدر ایک وکیل ہے مگر وہ میڈیا میں ماہر طب کا کردار ادا کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایک بات پھر سے واضح کرتا ہوں کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا واحد راستہ عدالتیں ہیں، بانی پی ٹی آئی کے لیے حکومت کے پاس نہ کوئی ڈیل ہے اور نہ ہی ڈھیل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سلمان صفدر قانونی نکات پر توجہ دیں گے تو بانی پی ٹی آئی کی رہائی ممکن ہوسکے گی، سلمان صفدر نے اعتراف کیا کہ بانی پی ٹی آئی  کو میڈیکل چیک اپ کی سہولت میسر ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نہ پہلے بانی پی ٹی آئی کے علاج سے غافل تھی نہ آئندہ کوئی غفلت بھرتی جائے گی، بانی پی ٹی آئی کو اسپتال لانے کے سپریم کورٹ کے حکم سے پہلے انہیں 6 بار اسپتال لایا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے بلڈ پریشر کے معاملہ میں جب ضرورت پڑی تو لندن سے ڈاکٹر بلایا گیا، عمران خان کا علاج اس معیار کے مطابق کیا گیا جو ان کے لیے ضروری تھا۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف کا خیبرپختونخوا میں 13 سالہ دور بدترین دور حکومت رہا ہے، پی ٹی آئی کے دور میں کسی قسم کی ترقی یا عوام کو سہولت فراہم نہیں کی گئی، جب تک خیبرپختونخوا میں ممکنہ اہداف حاصل نہیں کرلیتے وہاں ایمرجنسی کا نفاذ رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس اب خیبرپختونخوا میں ناکامی کا کوئی آپشن موجود نہیں، ریاست اور ریاستی ادارے خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑرہے ہیں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پی ٹی آئی کا مکمل عدم تعاون رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کا نفاذ پی ٹی آئی کے طرف سے اپنے پر خود پر ایک سیاسی خودکش حملہ تھا، آخری آپشن کے طور پر گورنر راج اور ایمرجنسی کو لگایا گیا کیونکہ پی ٹی آئی کا دور ہمیشہ پاکستان میں فساد اور انتشار کا دور رہا ہے تاہم اب ملک سے فساد اور انتشار کی سیاست کا خاتمہ ہوچکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا اور پاکستان امن اور ترقی کی طرف آگے بڑھ رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }