ڈینیئل ریڈکلف نئی ہیری پوٹر سیریز نہیں دیکھیں گے؟

5

ہیری پوٹر کے کردار سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے اداکار ڈینیئل ریڈکلف نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ابھی فیصلہ نہیں کرنا کہ وہ ایچ بی او کی نئی ہیری پوٹر سیریز دیکھیں گے یا نہیں۔ اداکار کا کہنا ہے کہ وہ اس کردار میں پہلے ہی کافی وقت گزار چکے ہیں اور عام طور پر ٹی وی پروگرام دیکھنے کے بھی زیادہ شوقین نہیں۔

ایسوسی ایٹڈ پریس کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈینیئل ریڈکلف سے پوچھا گیا کہ کیا وہ نئی سیریز دیکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟ اس پر انہوں نے کہا کہ انہیں خود بھی معلوم نہیں کہ وہ اسے دیکھیں گے یا نہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے آٹھ فلموں میں تقریباً 10 سال تک ہیری پوٹر کا کردار ادا کیا، اس لیے اس دنیا میں ان کا وقت پہلے ہی خاصا گزر چکا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وہ ٹی وی دیکھنے کے عادی نہیں۔ انہوں نے اب تک مشہور امریکی سیریز ’بریکنگ بیڈ‘ اور ’میڈ مین‘ بھی نہیں دیکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی پروگرام کے آٹھ گھنٹے دیکھنا ان کے لیے خاصا وقت ہے۔

اگرچہ ڈینیئل ریڈکلف نے نئی سیریز دیکھنے کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا، تاہم نئے اداکاروں کے لیے ان کے جذبات مثبت ہیں۔ انہوں نے نئے ہیری پوٹر کا کردار ادا کرنے والے نوجوان اداکار ڈومینک میک لافلن کو خط لکھ کر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ریڈکلف نے بتایا کہ انہوں نے نئے اداکار کو کوئی خاص مشورہ نہیں دیا، کیونکہ ایسا کرنے سے مستقبل میں ہر انٹرویو کے دوران صحافی اسی مشورے کے بارے میں سوال کرتے رہیں گے۔ وہ نہیں چاہتے کہ ان کی وجہ سے نئے اداکار پر اضافی دباؤ پڑے۔ ان کا خیال ہے کہ ڈومینک کو اپنا کردار ادا کرنے کے لیے کسی خاص رہنمائی کی ضرورت نہیں اور وہ اس کردار میں بہترین ثابت ہوں گے۔

ڈینیئل ریڈکلف نے خود اپنے ابتدائی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی ہیری پوٹر کی فلموں کے دوران کام سیکھ رہے تھے۔ اب عمر بڑھنے کے ساتھ وہ اپنی سابقہ اداکاری کو زیادہ نرمی سے دیکھتے ہیں اور انہیں اپنے ماضی کے کام پر پہلے کی نسبت کم جھجک محسوس ہوتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈومینک ان سے بھی بہتر اداکار ثابت ہوں گے اور وہ مستقبل میں ان سے ملاقات کے منتظر ہیں۔

انہوں نے مداحوں سے یہ اپیل بھی کی کہ نئے اداکاروں کو ان کے اپنے انداز میں کردار نبھانے کا موقع دیا جائے۔ ریڈکلف کے مطابق اگر لوگ واقعی نئے بچوں کا خیال رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں بار بار ڈینیئل ریڈکلف اور روپرٹ گرنٹ کا ذکر کرنے سے گریز کرنا چاہیے، تاکہ نئے فنکار مسلسل سابقہ اداکاروں سے موازنہ کیے بغیر اپنی شناخت بنا سکیں۔

نئی سیریز میں کون کون نظر آئے گا؟

ایچ بی او کی نئی سیریز کا آغاز جے کے رولنگ کے پہلے ناول ’ہیری پوٹر اینڈ دی فلاسفرز اسٹون‘ سے ہوگا۔ پہلے سیزن میں آٹھ اقساط کے ذریعے کہانی کو نئی نسل کے ناظرین کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

ڈومینک میک لافلن ہیری پوٹر، عربیلا اسٹینٹن ہرمیون گرینجر اور الیسٹر اسٹاؤٹ رون ویزلی کا کردار ادا کریں گے۔ بالغ اداکاروں میں جان لیتھگو البس ڈمبلڈور، جینیٹ میک ٹیر منروا میک گوناگل اور نک فراسٹ روبیئس ہیگریڈ کے روپ میں دکھائی دیں گے۔

سیریز کا پریمیئر اگلے ماہ متوقع ہے اور اسے 25 دسمبر سے او ایس این پلس پر بھی دیکھا جاسکے گا۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }