کراچی؛ جائیداد کے تنازع پر بیٹی نے والدہ اور کالعدم امن کمیٹی کے سابقہ رکن کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا

32

لیاری کی رہائشی خاتون نے اپنی والدہ اور کالعدم امن کمیٹی کے سابقہ رکن کے خلاف اغوا، 50 لاکھ روپے سے زائد کی رقم چھیننے، تشدد اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کروا دیا، ذرائع کے مطابق مقدمے میں نامزد ملزم شاہد رحمان نے گینگ وار کے کارندوں کو منظم کرنا شروع کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق لیاری کے علاقے شاہ ولی اللہ روڈ نیا آباد کی رہائشی عائشہ بی بی دختر عبدالرزاق میمن نے 7 نومبر 2026 کی شب تقریباً 11 بجے شب کلری تھانے کے ڈیوٹی افسر اے ایس آئی طارق محمود کو ایف آئی آر درج کروانے کے لیے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ لیاری شاہ ولی اللہ روڈ نیاآباد عثمان پیلس کی رہائشی ہے، میری والدہ شیریں بانو نے میرے والد سے خلا لی ہوئی ہے اور میرے اوپر والے فلور پر رہائش پذیر ہے، میرے والد ہارٹ و شوگر کے عارضہ میں مبتلا ہیں جبکہ گرنے کی وجہ سے ان کی ہپ بون بھی ٹوٹی ہوئی ہے۔

مدعیہ عائشہ بی بی نے اپنے بیان میں بتایا کہ ان کا ایک پلاٹ فوڈ اسٹریٹ عزیز آباد میں واقع تھا، جسے فروخت کرنے کے بعد والد کی پہلی اہلیہ، بچوں اور ان کے حصے میں مجموعی طور پر 70 لاکھ روپے آئے تھے۔ عائشہ کے مطابق انہوں نے اپنے حصے کی رقم ایک سیاہ رنگ کے بیگ میں رکھ کر اپنے بھائی رضوان کے پاس امانتاً رکھوا دی تھی، جو حسین آباد میں رہائش پذیر ہے۔ رقم بھائی کے پاس رکھوانے کے بارے میں انہوں نے اپنی والدہ شیریں بانو کو بھی بتایا تھا، جنہوں نے مبینہ طور پر اس رقم کے بارے میں شاہد رحمان کو آگاہ کیا۔

مدعیہ کے مطابق منصوبہ بندی کے تحت 21 جولائی 2026 کو شام تقریباً ساڑھے چار بجے شاہد رحمان اپنے دیگر ساتھیوں حسیب، ابراہیم، عرفان اور 11 دیگر لڑکوں کے ہمراہ آئے اور ان کے والد کو عثمان پیلس کے سامنے، گلی نمبر 12، بلاک بی، نیاآباد، کلری لیاری سے اسلحے کے زور پر زبردستی اغوا کر کے ویگو گاڑی میں ڈال دیا۔ ملزمان ان کے والد کو حسین آباد میں واقع ان کے بھائی رضوان کے گھر لے گئے، جہاں بھائی کو اسلحے کے زور پر تشدد کا نشانہ بنایا اور رقم سے بھرا بیگ اپنے ساتھ لے گئے۔ جاتے ہوئے ملزمان نے رضوان کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں، جبکہ بعدازاں ان کے والد کو گھر کے قریب چھوڑ کر فرار ہوگئے۔

عائشہ بی بی نے بتایا کہ ان کے والد ابتدائی طور پر واقعے کے بارے میں ان سے چھپاتے رہے، تاہم 24 جولائی کو انہوں نے انہیں تمام صورتحال سے آگاہ کیا۔ اپنے پیسوں کا تقاضا کرنے کے لیے وہ شاہد رحمان کے دفتر گئیں تو اس نے بتایا کہ یہ سارا منصوبہ ان کی والدہ کا تھا اور رقم بھی وہی لے گئی ہیں۔

عائشہ کے مطابق جب انہوں نے شاہد رحمان سے اپنی رقم واپس مانگی تو اس نے کہا کہ انہیں اپنی بلڈنگ خالی کرنی پڑے گی۔ وہ واپس گھر آگئیں، تاہم اس کے بعد سے اب تک انہیں بلڈنگ خالی کرنے کے لیے مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ شاہد رحمان کے لڑکے بلڈنگ کی ویڈیوز بھی بناتے رہتے ہیں۔

مدعیہ کا کہنا تھا کہ یہ تمام معاملہ ان کی والدہ کی ملی بھگت اور شاہد رحمان کے کہنے پر پیش آیا، جبکہ ملزمان ان کی پراپرٹی پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ 2 نومبر 2026 کو رات تقریباً 11 بجے ان کی والدہ کے ہمراہ سابق ہیڈ محرر کلری ندیم (مرحوم) کا بیٹا ارسلان، ابراہیم اور شاہد رحمان کے بھانجے اور بھتیجے بھی ان کی بلڈنگ میں آئے۔ اس موقع پر ملزمان نے ان کے ساتھ بدتمیزی کی، دھکے دیے اور گالم گلوچ کی، جبکہ کھینچا تانی کے دوران ان کی قمیض بھی پھاڑ دی۔ عائشہ بی بی کے مطابق ان کی چیخ و پکار سن کر لوگ جمع ہونا شروع ہوئے تو ملزمان انہیں گالیاں اور قتل کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے۔

عائشہ بی بی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ شاہد رحمان نے انہیں اور ان کے بھائی رضوان کو قتل کرنے کی دھمکیاں دیں، جبکہ 5 اور 6 نومبر کی درمیانی شب تقریباً ڈھائی بجے ابراہیم اپنے دو دیگر ساتھیوں کے ہمراہ بلڈنگ میں آیا اور کرایہ داروں کو دھمکیاں دیں کہ آئندہ کرایہ انہیں ادا کیا جائے۔

مدعیہ کا کہنا تھا کہ انہیں مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں، جس پر والد اور دیگر افراد سے مشاورت کے بعد وہ شاہد رحمان اور شیریں بانو کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے پولیس کے پاس پہنچیں۔

پولیس نے مدعیہ کا بیان قلمبند کرنے کے بعد ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 109، 504، 506-B، 354، 395 اور 365 کے تحت ایف آئی آر درج کرلی، تاہم پولیس نے تاحال ملزمان کو گرفتار نہیں کیا۔

ذرائع کے مطابق شاہد رحمان لیاری گینگ وار کے سرغنہ عزیر بلوچ کا انتہائی قریبی ساتھی اور کالعدم لیاری امن کمیٹی کا سابق سربراہ بھی ہے، جبکہ وہ مبینہ طور پر غیر اعلانیہ طور پر کالعدم امن کمیٹی کو دوبارہ منظم کر رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }