جی سیون ممالک نے ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی خدشات دور کرنے اور سفارتی حل تلاش کرنے پر زور دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مسئلے کا سفارتی حل نہ نکلنے کی صورت میں تہران پر دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔
جی سیون کے جاری کردہ اعلامیے میں آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آزادانہ اور محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق فرانس اور برطانیہ کی قیادت میں آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے کی کوششوں کی حمایت کی جائے گی۔
دوسری جانب جی سیون ممالک نے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے جامع اور باہمی جنگ بندی پر زور دیا ہے۔ اعلامیے میں یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا۔
جی سیون نے روس اور یوکرین پر توانائی کی تنصیبات اور بحیرہ اسود میں حملے روکنے پر بھی زور دیا ہے، جبکہ یورپ کی سلامتی کے مستقبل سے متعلق فیصلوں میں یورپی ممالک کی شمولیت کو ضروری قرار دیا ہے۔