پاکستان آئندہ سال ایف آئی ایچ نیشنز کپ کی میزبانی کرے گا

9

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے صدر طیب اکرام نے کہا ہے کہ پاکستان آئندہ سال ایف آئی ایچ نیشنز کپ کی میزبانی کرے گا جس میں دنیا کی دس ٹیمیں شرکت کریں گی۔ یہ پاکستان میں 22 سال بعد کسی بڑے عالمی ہاکی ایونٹ کا انعقاد ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف سے امید ہے کہ وہ ملک میں کھیلوں کے فروغ اور مضبوط ہائی پرفارمنس اسٹرکچر کے قیام کے لیے کھیلوں کی الگ وزارت کی بحالی کے حوالے سے مثبت فیصلہ کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوپاکستان ہاکی فیڈریشن اور انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے درمیان معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ، ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام، ارکان پارلیمنٹ اور سابق اولمپینز نے شرکت کی۔

طیب اکرام نے کہا کہ اسلام آباد واپس آکر انہیں بہت خوشی ہوئی ہے۔ مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے پاکستان ہاکی کے حوالے سے حقائق پر مبنی سرجری کی ہے جبکہ ایڈہاک کے معاملے پر ان کے اپنے اوپر بھی تلوار لٹک رہی ہے۔

ایف آئی ایچ کے صدر کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ پاکستان میں ایڈہاک سسٹم کیوں چل رہا ہے، پاکستان میں ہاکی کے معاملات کو تسلسل کے ساتھ آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ملک میں کھیلوں کے انتظامی نظام کو مستحکم بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

طیب اکرام نے اعلان کیا کہ ایف آئی ایچ نیشنز کپ آئندہ سال فروری میں لاہور میں منعقد ہوگا جس میں 10 ٹیمیں ایکشن میں نظر آئیں گی۔ نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم کو ایف آئی ایچ کا ہائی پرفارمنس سینٹر بنایا جائے گا جبکہ مستقبل میں پاکستان کو مزید بین الاقوامی ہاکی ایونٹس کی میزبانی بھی ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس خطے کا واحد ملک ہے جہاں کھیلوں کی الگ وزارت موجود نہیں۔ انہیں امید ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کھیلوں کی الگ وزارت کی بحالی کے حوالے سے مثبت فیصلہ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو پاکستان میں کھیلوں کے لیے مضبوط ہائی پرفارمنس اسٹرکچر کی تیاری پر توجہ دینی چاہیے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے لیے بہتر مواقع اور بین الاقوامی معیار کے پلیٹ فارمز فراہم کیے جا سکیں۔

تقریب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ایڈہاک صدر محی الدین وانی نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی کی بحالی اور ترقی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے، حکومت قومی کھیل کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون اور سپورٹ فراہم کر رہی ہے۔ انہیں یقین ہے کہ پاکستان ہاکی کے اچھے دن جلد واپس آئیں گے۔

محی الدین وانی نے کہا کہ ایف آئی ایچ کے صدر طیب اکرام کی تقریب میں موجودگی باعثِ مسرت ہے۔ ہمیں فخر اور خوشی ہے کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کا صدر ایک پاکستانی ہے، جو عالمی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کر رہا ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }