
حماس کے سیاسی دفتر کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں کو زبردستی اپنی سرزمین سے بےدخل کرنے کی کوشش ناکام بنائیں گے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسماعیل ہنیہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ 7 اکتوبر کو شروع ہونے والی کارروائی اسرائیل کیلئے زلزلے سے کم نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ پٹی کے عوام کو ہجرت پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہا ہے، حماس اور دیگر فلسطینی مزاحمتی گروپ اسرائیل کے ناپاک عزائم کو ناکام بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نہ مغربی کنارے کے فلسطینی اپنی سرزمین چھوڑیں گے اور نہ ہی غزہ پٹی کے، غزہ پٹی سے ہجرت نہ کرنے سے متعلق مصر کو صاف الفاظ میں بتا دیا۔
اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ حماس نے عام شہریوں کو نقصان نہ پہنچانے کی بارہا یقین دہانی کرائی، اسرائیلی پروپیگنڈا حماس کی بندوقوں کو خاموش نہیں کرسکتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا غزہ پٹی کو صفحہ ہستی سے مٹانے کیلئے اسرائیل کو سہولت فراہم کر رہا ہے۔