سفیرِ پاکستان شفقت علی خان کا متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری کے لیے خصوصی پیغام
سفیرِ پاکستان شفقت علی خان کا متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری کے لیے خصوصی پیغام !۔
متحدہ عرب امارات میں بسنے والے پاکستانی بہنوں اور بھائیو
السلام علیکم۔
خطے کی موجودہ صورتحال کے پیشِ نظر میں ابوظہبی، دبئی اور متحدہ عرب امارات کے دیگر علاقوں میں مقیم معزز پاکستانی برادری سے مخاطب ہوں۔
سب سے پہلے میں آپ سب کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ آپ کی حفاظت اور سلامتی ہم سب کی اولین ترجیح ہے۔ اس موقع پر میں متحدہ عرب امارات کی حکومت کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اس بات کا اعادہ کرتا ہوں کہ موجودہ صورتحال میں ہم اپنے اماراتی بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیرِاعظم پاکستان اور نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ کی خصوصی ہدایات کے تحت سفارت خانۂ پاکستان ابوظہبی اور قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی 24 گھنٹے آپ کی خدمت اور معاونت کے لیے مصروفِ عمل ہیں۔
ہم نے سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی اور پاکستان قونصلیٹ دبئی میں خصوصی ڈیسک قائم کر دیے ہیں جو چوبیس گھنٹے فعال ہیں، تاکہ پاکستانی برادری کے اراکین کو فوری رہنمائی، رابطہ اور ضروری مدد فراہم کی جا سکے۔
میں آپ کو یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ وزیرِاعظم پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے صدر، عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان سے گفتگو کی ہے۔ اس گفتگو میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا گیا اور اس وقت پاکستانی برادری کے لیے اماراتی حکام کی جانب سے فراہم کی جانے والی بہترین دیکھ بھال اور تعاون پر شکریہ ادا کیا گیا۔
سفارت خانۂ پاکستان اور قونصلیٹ جنرل متحدہ عرب امارات کے متعلقہ حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور پاکستانی برادری کی سہولت اور معاونت کے لیے تمام ضروری انتظامات موجود ہیں۔
میں پاکستانی برادری سے درخواست کرتا ہوں کہ افواہوں اور جھوٹی خبروں پر یقین نہ کریں۔ سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنائیں اور متحدہ عرب امارات کے قوانین اور ضوابط کا مکمل احترام کریں۔ مستند معلومات کے لیے متعلقہ حکام اور اداروں کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور اعلانات پر ہی انحصار کریں۔
ہم سب کو مل کر ذمہ داری، صبر اور اتحاد کے ساتھ اس صورتحال کا سامنا کرنا ہے۔ پاکستان کا سفارت خانہ ابوظہبی اور قونصلیٹ جنرل دبئی ہمہ وقت آپ کے ساتھ ہیں۔
اللہ تعالیٰ ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔
پاکستان زندہ باد۔۔۔متحدہ عرب امارات زندہ باد