کراچی:
گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے تاریخی دفاعی معاہدے کو امت مسلمہ کے لیے مضبوط اور ناقابلِ تسخیر دیوار قرار دیتے ہوئے تینوں ممالک کی قیادت کو مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے خصوصی ویڈیو پیغام میں گورنر سندھ نے کہا کہ رب العزت کے منتخب شہر مکہ مکرمہ میں پاکستان کے وزیراعظم محمد شہباز شریف، سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے تاریخی دفاعی معاہدہ کیا، جس کی اشد ضرورت تھی۔
یہ معاہدہ امتِ مسلمہ کے لیے ایک مضبوط دیوار اور ’’بنیان مرصوص‘‘ کا کردار ادا کر رہا ہے۔
سید محمد نہال ہاشمی نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ اس معاہدے پر سختی سے عمل کیا جائے۔
پاکستانی مسلح افواج فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں دنیا کو ثابت کرچکی ہیں کہ پاکستانی فوج دنیا کی عظیم افواج میں شامل ہے، جبکہ ترکیہ کی فوج بھی دنیا کی عظیم افواج میں شمار ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ممکن ہوا، آج عرب و عجم کا فرق مٹا دیا گیا ہے اور مظلوموں کے تحفظ کے لیے لوہے کی ایک مضبوط دیوار قائم ہوئی ہے۔
تینوں ممالک نے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لیا ہے، جو خوشی اور امید کا مقام ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ یہ ایک مبارک دن ہے، وہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے عوام سمیت ان تمام افراد کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس تاریخی معاہدے کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔
انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان اور ترک صدر رجب طیب اردوان کو بھی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان رہنماؤں نے مظلوموں کی آواز سنی اور ایسا ناقابلِ تسخیر معاہدہ کیا جس سے ایک نئی امید پیدا ہوئی ہے۔
سید محمد نہال ہاشمی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ اس معاہدے کو قائم و دائم رکھے اور پوری امتِ مسلمہ کو سلامتی عطا فرمائے۔
پاکستان زندہ باد، مکہ مکرمہ امن معاہدہ پائندہ باد۔