شہر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، کالی گھٹاؤں نے آسمان کو اپنی لپیٹ میں لے لیا جبکہ بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔
لاہور کے مختلف علاقوں کاہنہ، پانی والا تالاب اور دیگر مقامات پر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
واسا لاہور نے ممکنہ بارش کے پیش نظر نکاسی آب کے انتظامات کیلئے آپریشنل اسٹاف کو الرٹ کردیا۔ وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد، ڈی جی واسا پنجاب طیب فرید اور ایم ڈی واسا غفران احمد نے تمام مرکزی شاہراہوں اور انڈر پاسز کو کلیئر رکھنے کی ہدایات جاری کر دیں۔
ایم ڈی واسا غفران احمد نے ہدایت کی کہ بارش کے دوران افسران اور ملازمین شہر میں قائم ایمرجنسی کیمپس میں پہنچیں تاکہ نکاسی آب کے انتظامات بروقت مکمل کیے جاسکیں اور شاہراہوں و انڈر پاسز میں بارشی پانی جمع نہ ہو۔
انہوں نے بجلی کی بندش والے علاقوں میں ڈسپوزل اسٹیشنز کو جنریٹرز پر چلانے اور تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کے پمپس کو مکمل طور پر آپریشنل رکھنے کی ہدایت کی۔
وائس چیئرمین واسا چوہدری شہباز احمد نے تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کی سکرینوں کو صاف رکھنے کی ہدایت کی جبکہ ایم ڈی واسا نے تمام ٹاؤن ڈائریکٹرز کو اپنے اپنے علاقوں کی مکمل مانیٹرنگ کرنے کا حکم دیا۔
واسا لاہور کے مطابق شہر میں اب تک جیل روڈ پر 0.2، ہیڈ آفس واسا گلبرگ میں 0.8، اپر مال 1.6، نشتر ٹاؤن 3، پانی والا تالاب 0.8، اقبال ٹاؤن 0.2، جوہر ٹاؤن 3.2، ڈیفنس روڈ 26.8، کاہنہ 1.4 اور مناواں میں 1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ایئرپورٹ، فرخ آباد، گلشن راوی اور سمن آباد میں بارش ریکارڈ نہیں کی گئی۔
ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد نکاسی آب آپریشن کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں، جبکہ ممکنہ بارش کے پیش نظر شہر بھر میں واسا کا آپریشنل اسٹاف الرٹ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون کا بارشی نظام موجود ہے اور لاہور میں آج مختلف اوقات کے دوران ہلکی اور تیز بارش کا امکان ہے۔ بارش کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرمی کی شدت میں کمی آنے کی توقع ہے۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔