تہران:
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا پر ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کی ذمہ داری سے بچنے اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکام اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے نیا بیانیہ تشکیل دے رہے ہیں۔
اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ یہ دعویٰ بے بنیاد ہے کہ ایران نے 1979 کے انقلاب کے ذریعے امریکا کے ساتھ محاذ آرائی شروع کی تھی۔ ان کے مطابق ایرانی انقلاب دراصل قومی خودمختاری، آزادی اور انسانی وقار کی بحالی کی جدوجہد تھا۔
ایرانی ترجمان نے کہا کہ ایرانی عوام 1953 میں سی آئی اے کی حمایت سے ہونے والی بغاوت کو نہیں بھولے، امریکا اپنی پالیسیوں اور اقدامات کی تاریخ سے انکار نہیں کرسکتا۔
ان کے بقول واشنگٹن نے دو مرتبہ مذاکرات کے دوران ایران کے خلاف بلااشتعال فوجی کارروائی کی، جس میں سپریم لیڈر اور اعلیٰ حکام کو نشانہ بنایا گیا، خواتین اور بچے شہید و زخمی ہوئے جبکہ اہم بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچایا گیا۔
اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ امریکی انتظامیہ فوجی اور سیاسی دونوں محاذوں پر مشکلات کا شکار ہے اور جنگ شروع کرنے کی ذمہ داری قبول کرنے کے بجائے اپنی کامیابیوں کا تاثر دے کر ناکامی چھپانے کی کوشش کررہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی سیاسی نظام کی اعلیٰ سطح پر بھی اعتراف کیا گیا کہ ایران کے خلاف جنگ انتخابی شکست کی ایک بنیادی وجہ بنی۔ امریکا طویل عرصے سے ایرانی قوم کے خلاف دشمنی کو ہوا دینے اور فوجی جارحیت کا آغاز کرنے کا ذمہ دار رہا ہے۔