نیویارک میں پاکستان کا یومِ آزادی، تاریخ میں پہلی بار منفرد تقریب کا انعقاد

11

نیویارک:

پاکستان کا یوم آزادی نیویارک میں رواں برس تاریخی سٹی ہال میں منایا گیا، جو پاک امریکا کمیونٹی تعلقات کے حوالے سے ایک منفرد اور تاریخی پیش رفت قرار دیا گیا۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پاکستان کے یومِ آزادی کی تقریب نیویارک سٹی ہال کے اندر منعقد ہوئی۔

تقریب کا اہتمام نیویارک سٹی کونسل کی اسپیکر جولی مینین اور کونسل ممبر لِنڈا لی نے مشترکہ طور پر کیا، جبکہ امریکن پاکستانی ایڈووکیسی گروپ (اے پی اے جی) نے بھی اس تاریخی تقریب میں تعاون کیا۔

نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد آتوزئی نے تقریب کے شرکا سے خطاب کیا۔ انہوں نے اے پی اے جی اور شریک ارکانِ پارلیمنٹ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سٹی ہال میں یومِ آزادی کی تقریب کا انعقاد پاکستان سے ان کی محبت اور دیرینہ وابستگی کا واضح اظہار ہے۔

قونصل جنرل نے اس موقع کو پاکستانی امریکی کمیونٹی کے لیے فخر اور یادگار لمحہ قرار دیا۔

تقریب میں بڑی تعداد میں پاکستانی نژاد امریکی شہریوں، منتخب نمائندوں، ارکانِ پارلیمنٹ اور میڈیا سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔

نیویارک سٹی کونسل کی اسپیکر جولی مینین نے پاکستانی امریکی کمیونٹی کی نیویارک شہر کی ترقی میں اہم خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کمیونٹی نے شہر کی پیش رفت اور ترقی میں قابلِ قدر کردار ادا کرنے کے ساتھ پاکستان اور امریکا دونوں سے مضبوط وابستگی بھی برقرار رکھی ہے۔

تقریب میں شریک دیگر ارکانِ پارلیمنٹ نے بھی پاکستانی امریکی کمیونٹی کی مستقل محنت، استقامت اور لگن کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین نے پاک امریکا تعلقات میں کمیونٹی کے کردار کو نمایاں کرتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم پل قرار دیا۔

نیویارک سٹی ہال میں منعقد ہونے والی یہ تاریخی تقریب پاکستانی امریکی کمیونٹی کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور نیویارک کے شہری، معاشی اور سماجی شعبوں میں اس کی مثبت خدمات کے اعتراف کی بھی عکاس ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }