بلدیہ ٹاؤن میں نماز فجر کی ادائیگی کے لیے گھر سے جانے والے شخص کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا گیا، پولیس نے ابتدائی تفتیش میں واقع کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دے کر واقعے کی تفتیش شروع کر دی۔
تفصیلات کے مطابق منگل کی الصبح سعید آباد تھانے بلدیہ ٹاؤن 12 نمبر چرچ کے قریب نامعلوم مسح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو شدید زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
فائرنگ سے شدید زخمی شخص کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں شدید زخمی شخص دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، مقتول کی شناخت 57 سالہ ولی جان ولد میر سلام کے نام سے شناخت کی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور پولیس نے جائے وقوع سے شواہد اکٹھا کرنے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا۔
ایس ایچ او سعید آباد پرویز سولنگی نے ایکپسریس کو بتایا کہ مقتول ولی جان بلدیہ ٹاؤن 12 کا ہی رہائشی تھا اور محنت مزدوری کرتا تھا، مقتول کا آبائی تعلق قبائلی علاقے سے ہے۔ مقتول صبح اپنے گھر سے نماز فجر کی ادائیگی کے لیے مسجد کی جانب جا رہا تھا کہ 2 نامعلوم مسلح ملزمان نے مقتول پر فائرنگ کر دی اور فرار ہوگئے، فائرنگ کے نتیجے میں ولی جان بازو اور سینے پر گولی لگنے سے شدید زخمی ہوا اور بعدازاں دوران علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ جولائی 2024 میں میت دفنانے پر قبرستان میں جھگڑا ہوا تھا اور جھگڑے کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے گورکن فوت ہوگیا تھا جس کا الزام مقتول پر لگایا گیا تھا اور اس کا بدلہ لینے کے لیے گورکن کے 2 بھتیجوں نے مقتول پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہوگئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہے اور واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔