لاہور:
لاہور میں ون ویلنگ، ریسنگ اور تیز رفتاری کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا سی بی ڈی مین بلیوارڈ سمیت متعدد اہم شاہراہوں پر خصوصی ٹیمیں تعینات کردی گئیں۔
سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کے حکم پر سی بی ڈی مین بلیوارڈ کو ہیوی بائیکرز کے لیے نوگو ایریا قرار دے دیا گیا ہے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ویک اینڈ مڈنائٹ کے دوران ہیوی بائیکرز کی جانب سے ٹولیوں اور جتھوں کی صورت میں ریسنگ، شور شرابا، ہلڑ بازی اور سڑکیں بلاک کرنے کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔
ڈیفنس مین بلیوارڈ، کینال روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ اور سی بی ڈی بلیوارڈ پر بھی ریسنگ اور تیز رفتاری کی شکایات سامنے آئی ہیں۔
سی ٹی او لاہور نے ڈویژنل اور سرکل افسران کو اپنی نگرانی میں کریک ڈاؤن کرنے جبکہ شہر بھر کی نائٹ شفٹ ڈیوٹی کو بھی تیز رفتاری کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹولیوں کی صورت میں نکل کر ہلڑ بازی، روڈ بلاکنگ اور ون ویلنگ کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ سی بی ڈی مین بلیوارڈ، ڈیفنس مین بلیوارڈ اور کینال روڈ پر خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ کارروائیوں کے لیے سیف سٹی کیمروں سے بھی مدد لی جائے گی۔
سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ تیز رفتاری جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے، والدین نوجوانوں پر خصوصی نظر رکھیں۔ ون ویلرز کی نشاندہی کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں گے۔