اسلام آباد:
پاکستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے شاہ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حوثی ملیشیا کے گھناؤنے حملے پر شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے اسے علاقائی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ شہریوں اور اہم بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے والے حملے قطعی ناقابلِ قبول اور علاقائی امن و استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں، تشدد کے ایسے واقعات بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں جن کافوری طور پر خاتمہ ہونا چاہیے، پاکستان مملکتِ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور سلامتی کے لیے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہری ہوائی اڈے کو نشانہ بنانا گھناوٴنا فعل، بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی ہے، پاکستان حملے میں جانی نقصان اور زخمیوں کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے، شہری آبادی اور اہم بنیادی ڈھانچے کو مسلسل نشانہ بنانا قطعی ناقابلِ قبول ہے۔
ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری کو اس کی غیر مبہم الفاظ میں مذمت کرنی چاہیے،جارحانہ اقدامات کا کسی صورت جواز پیش نہیں کیا جا سکتا اور انہیں فوری طور پر بند ہونا چاہیے، پاکستانِ سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور استحکام کے لیے اپنے پختہ اور اٹل عزم کا اعادہ کرتا ہے، مملکت کے اپنے شہروں اور اہم بنیادی ڈھانچے کی حفاظت کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے مطالبہ کیاکہ حوثی ملیشیا دہشت گردانہ حملے فوری طور پر بند کرے،پاکستان مملکتِ سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑ اورمملکت کی خودمختاری، سلامتی اور دفاع کے لیے اپنے عزم پر ثابت قدم رہے گا۔