پاکستانی اداکار خوشحال خان نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ رمشا خان کے شوبز سرگرمیوں اور سوشل میڈیا سے دور ہونے کے فیصلے پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مکمل طور پر ان کا اپنا انتخاب تھا اور اس میں ان کا کوئی دباؤ شامل نہیں تھا۔
خوشحال خان نے حال ہی میں میزبان حسن چوہدری کے پروگرام میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر گفتگو کی۔ رمشا کے پیشہ ورانہ مستقبل سے متعلق بات کرتے ہوئے اداکار کا کہنا تھا کہ وہ کسی دوسرے شخص کی زندگی کے فیصلوں پر حکم چلانے کا حق نہیں رکھتے۔
انہوں نے ان قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کیا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کو اداکاری چھوڑنے پر مجبور کیا تھا۔ خوشحال کے مطابق رمشا نے خود یہ فیصلہ کیا اور وہ اس پر پوری طرح قائم تھیں۔ انہوں نے دونوں کے درمیان ہونے والی ایک دلچسپ گفتگو کا ذکر بھی کیا، جس میں انہوں نے رمشا سے پوچھا تھا کہ کیا وہ اپنے فیصلے کے بارے میں پُرعزم ہیں؟ اس پر رمشا نے اپنے مؤقف پر قائم رہنے کا اظہار کیا۔
خوشحال خان نے بتایا کہ رمشا نے مذاق میں انہیں خبردار بھی کیا تھا کہ وہ ان کے فیصلے پر سوال نہ اٹھائیں۔ اداکار نے اس تاثر کو بھی رد کیا کہ ان کے پشتون پس منظر کی وجہ سے اس معاملے کو کسی خاص زاویے سے دیکھا جارہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی والدہ، بھائی یا خاندان کے کسی دوسرے فرد کے لیے بھی اس نوعیت کے فیصلے نہیں کریں گے، چہ جائیکہ وہ اپنی اہلیہ پر کوئی پابندی عائد کریں۔
View this post on Instagram
خوشحال کے مطابق رمشا نے سوشل میڈیا پر منفی رویوں اور وہاں پیش آنے والے ناخوشگوار تجربات کے باعث اس پلیٹ فارم سے دور رہنے کا فیصلہ کیا، کیونکہ اب وہ وہاں خود کو پہلے جیسا پُرسکون محسوس نہیں کرتی تھیں۔
واضح رہے کہ خوشحال خان اور رمشا خان کی شادی کے بعد یہ معاملہ خاصی توجہ حاصل کرگیا تھا۔ بالخصوص رمشا کے سوشل میڈیا پر غیر فعال ہونے اور پیشہ ورانہ سرگرمیوں سے دوری کے بعد مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئی تھیں۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا تھا کہ کیا خوشحال خان نے انہیں اداکاری جاری رکھنے سے منع کیا ہے؟ تاہم اداکار نے اب واضح کردیا ہے کہ یہ فیصلہ رمشا نے اپنی مرضی سے کیا تھا۔