کرسٹیانو رونالڈو کا ایکٹنگ ڈیبیو، کامیڈی سیریز کی تفصیلات سامنے آگئیں

0

پرتگال کے معروف فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو اب کھیل کے میدان کے ساتھ ساتھ ٹی وی کی دنیا میں بھی اپنی صلاحیتیں دکھانے کی تیاری کررہے ہیں۔ وہ ایک نئی اسپورٹس کامیڈی سیریز کے ذریعے اداکاری کے شعبے میں قدم رکھنے جارہے ہیں۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسٹریمنگ پلیٹ فارم پیراماؤنٹ پلس کی نئی سیریز میں رونالڈو بھی نظر آئیں گے۔ ان کے پہلے اسکرپٹڈ ٹی وی منصوبے کا نام ’ڈے ونز‘ رکھا گیا ہے، جس کی تیاری کا کام شروع ہوچکا ہے۔

دس اقساط پر مشتمل اس سیریز میں فٹبال کی دنیا کے اندرونی معاملات، کھلاڑیوں کی دوستی، ان کے عزائم اور کامیابی تک پہنچنے کی جدوجہد کو کامیڈی کے انداز میں پیش کیا جائے گا۔

سیریز میں ہالی ووڈ اداکار ڈیمین لیوس مرکزی کردار ادا کریں گے۔ وہ اسٹینلے ڈالٹن نامی ایک بااثر فٹبال ایجنٹ کا کردار نبھائیں گے۔ سابق فرانسیسی فٹبالر تھیری ہنری اور برطانوی ریپر ڈیو بھی اس منصوبے کا حصہ ہوں گے۔

کہانی ایک ایسے نوجوان فٹبالر کے گرد گھومتی ہے جو انگلش پریمیئر لیگ کے کلب برینٹفورڈ میں کھیلنے کا خواب پورا کرلیتا ہے۔ اس کامیابی کے سفر میں اس کے بچپن کے دوست بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں، جو شہرت اور دولت ملنے سے پہلے ہی اس کے ساتھ کھڑے تھے۔

کرسٹیانو رونالڈو سیریز میں اداکاری کے علاوہ ایگزیکٹیو پروڈیوسر کی ذمہ داریاں بھی سنبھالیں گے۔ وہ برطانوی فلم ساز میتھیو وان کے ساتھ مل کر قائم کی گئی اپنی پروڈکشن کمپنی ’یو آر ماروو اسٹوڈیوز‘ کے ذریعے اس منصوبے میں شریک ہیں۔

رونالڈو کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی فٹبال کے لیے وقف کی ہے اور وہ جانتے ہیں کہ اس کھیل کی سب سے متاثر کن کہانیاں اکثر میدان سے باہر جنم لیتی ہیں۔ ان کے مطابق فٹبال محض ایک کھیل نہیں، بلکہ خوابوں، عزائم، وفاداری اور قربانیوں کی داستان بھی ہے۔

فلم ’کنگز مین‘ کے ہدایت کار میتھیو وان نے سیریز کی پہلی قسط کی ہدایت کاری کی ہے، جبکہ ڈین مازر اس کے شو رنر ہوں گے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }