ڈونلڈ ٹرمپ نے جوبائیڈن کو ملک دشمن قرار دے دیا
امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے موجودہ صدر جوبائیڈن کو ملک دشمن قرار دے دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گذشتہ روز پنسلوانیا میں ایک ریلی سے خطاب کیا جس میں انہوں نے صدر جوبائیڈن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا اپنی تقریر کے دوران فلوریڈا میں ان کے گھر پر ہونے والے چھاپے کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ’یہ تلاشی انصاف کی دھوکہ دہی تھی جس سے ایسا ردعمل آئے گا جو کسی نے کبھی نہیں دیکھا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی آزادی کو درپیش خطرات کی تازہ مثال آپ سب کے سامنے ہے جب کہ امریکہ کی تاریخ میں کسی بھی انتظامیہ کی جانب سے طاقت کا حیران کن استعمال اس سے قبل نہیں دیکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن نے حال ہی میں اپنی ایک تقریر میں کہا تھا کہ ’ان کے پیش رو اور ریپبلکن پارٹی کے حامی انتہا پسندی کی نمائندگی کرتے ہیں جس کی وجہ سے ہماری جمہوریت کی بنیادوں کو خطرہ ہے۔
Advertisement
جوبائیڈن کی تقریر کا جواب دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’یہ تقریر اب تک کہ کسی بھی امریکی صدر کی جانب سے سب سے زیادہ شیطانی ، نفرت انگیز اور تفرقہ انگیز تقریر تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’وہ ریاست کا دشمن ہے اور یہ سب جاننا چاہتے ہیں، ہم وہ ہیں جو اپنی جمہوریت کو بچانے کی کوشش کررہے ہیں جب کہ جمہوریت کو خطرہ دائیں بازو سے نہیں بلکہ بنیاد پرست بائیں بازو سے ہے‘۔
Advertisement