محترمہ تسنیم عابدی کے اعزازمیں پرتکلف عشائیہ کااہتمام

میزبانی کی سعادت معروف شاعر،م ک حسرت نے حاصل کی

1,135

معروف آرٹسٹ وسینئیرشاعر،م ک حسرت کی جانب سے 

شعبہ تعلیم وادب کی نامورشخصیت اورمعروف شاعرہ

محترمہ تسنیم عابدی کے اعزاز میں عشائیہ کااہتمام

  یواے ای میں مقیم سینئیراورنئےشعراکرام کی شرکت۔

میزبان  نے تسنیم عابدی کو اپنے ہاتھ سے بنائی ہوئ انہی کی ایک تصویر بطور یادگار پیش کی۔

ابوظہبی(نیوزڈیسک)::امارات کی سینئر ادبی شخصیات کا شمار کیا جائے تو محترمہ تسنیم عابدی کا نام چند ابتدائی لوگوں میں آئے گا ۔
آپ عرصہ چالیس سال تک امارات میں مقیم رہیں ۔ اس دوران بے شمار ادبی محافل میں نہ صرف شریک ہوتی رہیں۔ بلکہ ان کی اپنی رہائش گاہ کو امارات کے ابتدائی مشاعرہ گاہ میں سے ایک ہونے کا دعویٰ بھی کیا جا سکتا ہے ۔ تسنیم عابدی صاحبہ شیخ خلیفہ بن زایدعرب پاکستان سکول ابوظہبی میں بطور معلمہ اپنے فرائض انجام دیتی رہیں اور بعد ازاں امریکہ منتقل ہو گئیں۔ گزشتہ دنوں ایک عرصہ بعد دوبارہ امارات میں تشریف لائیں تو ان کے اعزاز میں ابوظبی میں مقیم سینئر شاعر ، م ک حسرت نے اپنے دولت کدے پر ایک پُرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا ۔ جس میں امارات میں موجود سینئر اور نئے شعرا کرام بھی مدعو کیے گئے ایسے موقع پر مشاعرہ نہ ہو ۔ ایسا ممکن نہیں ۔ چنانچہ نہایت لذیذ کھانوں سے تواضع کے بعد مشاعرہ کا آغاز ہوا جس کی نظامت ابرار عمر نے کی ۔ صاحب صدارت ۔ استاد شاعر جناب ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی صاحب جبکہ مہمان خصوصی محترمہ تسنیم عابدی صاحبہ تھیں ۔ جناب حفیظ جہلمی اور ڈاکٹرشوکت چوہدری بطور مہمان اعزازی مدعو تھے جن شعرا نے اپنا خوبصورت اور عمدہ کلام پیش کیا ان میں جناب حارث خورشید، محترمہ مہوش الماس صاحبہ،عدنان منور،محترمہ ناہید شوکت،عرفان ملک،ابرار عمر،سید سروش آصف، ندیم شہزاد،آصف رشید اسجد،     م ک حسرت،حفیظ جہلمی،محترمہ تسنیم عابدی،اور استاد محترم ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی صاحب شامل تھے ۔
تقریب کے آخر میں جناب م ک حسرت صاحب نے جو کہ شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ فن مصوری میں بھی ید طولی رکھتے ہیں ۔ محترمہ تسنیم عابدی صاحبہ کو اپنے ہاتھ سے بنائی ہوئ انہی کی ایک تصویر بطور یادگار پیش کی جو کہ شکریہ کے ساتھ قبول کی گئ ۔ محترمہ تسنیم عابدی صاحبہ نے ایک عرصہ بعد دوستوں کی محفل میں اس طرح پذیرائی پر تمام احباب کا شکریہ ادا کیا ۔ یہ تقریب پروقار رات گئے اختتام  کوپہنچی ۔
: شعراء کرام کے  پڑھے گئے کلام سے چند منتخب اشعار
:عدنان منور
بے گھری عدنان بڑھ جاتی ہے کیوں
جب کسی کے دل میں گھر کرتا ہوں میں
:ملک عرفان
یہاں بھٹکتے سرِحشر بے اماں جاتے
حضور (ص) آپ نہ ہوتے تو ہم کہاں جاتے
:ابرار عمر
ہمارے چہرے پہ آنکھیں نہیں ہیں قبریں ہیں
ہم اپنے خواب یہاں دفن کرتے آئے ہیں
:سید سروش آصف
آوازوں کو سوچ سمجھ کر خرچ کرو
خاموشی کا موسم آنے والا ہے
:ندیم احمد شہزاد
دراز عمر ہو میری گلی کے بچوں کی
جو گھر کے سامنے رونق لگائے رکھتے ہیں
:حفیظ جہلمی
اس شہرمیں توصاحب گفتار ہیں بہت
۔سو ہرکسی کوصاحب کردار مت سمجھ
:آصف رشید اسجد
سبیل کر تو سہی کوئی روکنے کی مجھے
تو مجھے پہ ڈال دے چوری کسی پیالے کی
:م ک حسرت
دنیا کی بات کر نہ تو، دنیا ازل کی بے وفا
تم تو وفا شعار تھے، تم کیوں ہوئے وفا گریز
:تسنیم عابدی
عمر رشتوں کے تقاضے ہی نبھاتے گزری
زندگی نے مجھے اپنا کبھی ہونے نا دیا
:ڈاکٹر صباحت عاصم واسطی
بس ایک ہی شکستِ محبت کا ہے سبب
دل جس طرف گیا ہے مقدر نہیں گیا

تقریب کے اختتام پرمیزبان م ک حسرت نے تمام شرکائے محفل کا شکریہ ادا کیا۔۔

 

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }