امریکی خارجہ پالیسی جھوٹ کا پلندہ ہے؛ ایران

14

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران اور مشرقِ وسطیٰ سے متعلق امریکی پالیسی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کی خارجہ پالیسی میں حقائق کے بجائے جھوٹ اور غلط بیانی پر ضرورت سے زیادہ انحصار کیا جا رہا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں معروف روسی ادیب فیودور دوستوئیفسکی کے ناول دی برادرز کرامازوف کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں بیان کیا گیا ایک تصور موجودہ امریکی طرزِ حکمرانی اور خطے سے متعلق اس کی پالیسی پر صادق آتا ہے۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ جب کوئی فرد بار بار اپنے ہی بیان کردہ جھوٹ پر یقین کرنے لگے تو ایک وقت ایسا آتا ہے جب اس کے لیے حقیقت اور غلط بیانی میں فرق کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ بقائی نے اسی تناظر میں امریکی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

دوسری جانب ایرانی نائب وزیرِ خارجہ کاظم غریب آبادی نے بھی امریکا کو سخت پیغام دیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز سے متعلق دیے گئے بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایران امریکی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہوگا۔

غریب آبادی کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق فیصلوں کا اختیار ایران کے پاس ہے اور اس آبی گزرگاہ کے کھولنے یا بند کرنے کا فیصلہ ایرانی کمان کے تحت ہی ہوگا۔

ایرانی حکام کے تازہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب تہران اور واشنگٹن کے درمیان خطے کی سلامتی، امریکی پالیسی اور آبنائے ہرمز کی اہمیت سمیت مختلف معاملات پر کشیدگی برقرار ہے۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }