کراچی میں 17 ستمبر کو ختم نبوت کانفرنس کے انعقاد کا اعلان

15

کراچی: عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت نے اعلان کیا ہے کہ کراچی کی شاہراہِ قائدین پر 17 ستمبر بروز جمعرات شام 4 بجے ختم نبوت کانفرنس منعقد کی جائے گی۔

مجلس کے مطابق کانفرنس کا مقصد آئین و قانون میں موجود ناموسِ رسالت سے متعلق قوانین کے دفاع اور عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مجلس کے مرکزی ناظم اعلیٰ مولانا خواجہ عزیز احمد، امیر مجلس کراچی مولانا محمد اعجاز مصطفیٰ، مرکزی مبلغ مولانا قاضی احسان احمد اور جمعیت علمائے اسلام سندھ کے نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ ناموسِ رسالت قوانین کے خلاف کسی بھی مہم کی مخالفت کی جائے گی۔

مجلس کے رہنماؤں نے حال ہی میں اسلام آباد کے نیشنل پریس کلب میں ایک این جی او کی جانب سے ناموسِ رسالت قوانین سے متعلق کیے گئے اعتراضات اور بیانات پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ان کے خلاف قانونی و احتجاجی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

پریس کانفرنس میں مقررین نے قادیانیوں کی آئینی و قانونی حیثیت سے متعلق اپنے مؤقف کا بھی اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ قادیانیوں کو پاکستان کے آئین اور قانون کی پابندی کرنی چاہیے۔

مجلس کے رہنماؤں نے مزید کہا کہ ملک بھر میں مساجد کے اجتماعات کے دوران ناموسِ رسالت قوانین کے حق میں قراردادیں بھی منظور کی گئی ہیں۔ انہوں نے صحافی برادری سے 17 ستمبر کو ہونے والی کانفرنس کی کوریج کی بھی اپیل کی۔

کانفرنس کے منتظمین کے مطابق تقریب میں عقیدہ ختم نبوت، ناموسِ رسالت سے متعلق قوانین اور ان کے تحفظ سے متعلق مختلف موضوعات پر گفتگو کی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }