وزیراعظم شہباز شریف نے یوم الوطنی کی مناسبت سے سعودی قیادت اور عوام کو مبارک باد دی ہے۔
سعودی عرب کے قومی دن پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عوام کو وزیراعظم شہباز شریف نے دلی مبارکباد دیتے ہوئے مملکت کی ترقی و تبدیلی کے غیر معمولی سفر کو پاکستان کے لیے بھی باعثِ فخر قرار دیا ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں سعودی عرب خوشحالی اور جدت کی جانب متاثر کن پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہے۔ سعودی عرب کی یہ ترقی نہ صرف سعودی قوم بلکہ پاکستان کے لیے بھی باعثِ مسرت اور قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور آزمودہ برادرانہ تعلقات پر بے حد فخر ہے۔ دونوں ممالک کا یہ مضبوط رشتہ مشترکہ عقیدے، باہمی اعتماد اور پاکستانی و سعودی عوام کے درمیان دیرینہ وابستگی کی بنیاد پر قائم ہے۔
Warmest felicitations to the Custodian of the Two Holy Mosques, His Majesty King Salman bin Abdulaziz Al Saud, His Royal Highness Crown Prince Mohammed bin Salman, and the brotherly people of the Kingdom of Saudi Arabia on their National Day.
The Kingdom’s remarkable journey of…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) September 23, 2026
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی میں پاک سعودی برادرانہ تعلقات مزید مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں، جس کی بنیاد امن، سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد کے لیے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے باہمی دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرتے ہوئے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جو دونوں برادر ممالک کے بڑھتے ہوئے دفاعی اور اسٹریٹجک تعاون کی عکاسی کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے اس موقع پر سعودی عرب کے خلاف حالیہ حوثی حملوں کی پاکستان کی جانب سے سخت ترین مذمت کا اعادہ کیا، بالخصوص مکہ مکرمہ کو ڈرون سے نشانہ بنانے کی قابلِ مذمت کوشش کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کے تقدس اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو شدید مجروح کرتا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور سلامتی کے ساتھ اسلام کے مقدس ترین مقامات کے تحفظ کے لیے مملکت کے شانہ بشانہ اور غیر متزلزل انداز میں کھڑا ہے۔
سعودی قومی دن کے موقع پر وزیراعظم نے دعا کی کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہوتے رہیں۔ انہوں نے اپنے پیغام کا اختتام ’پاک سعودی عرب بھائی چارہ زندہ باد‘ کے الفاظ سے کیا۔