ممبئی پولیس کو ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی ہے، جس میں معروف اداکار امیتابھ بچن کے بنگلے سمیت شہر کے متعدد اہم مقامات کو بم سے اڑانے کی بات کی گئی ہے۔
فلمی شخصیات سے متعلق حالیہ واقعات کے بعد ممبئی میں سکیورٹی خدشات میں اضافہ ہوا ہے۔ امیتابھ بچن کی سکیورٹی بھی گزشتہ ہفتے سے معمول کے مقابلے میں بڑھا دی گئی ہے۔
ای میل موصول ہونے کے بعد سکیورٹی اداروں نے متعلقہ مقامات کی تلاشی لی، تاہم کسی جگہ سے مشکوک چیز برآمد نہیں ہوئی۔ دھمکی میں بمبئی ہائی کورٹ، بمبئی اسٹاک ایکسچینج، مہالکشمی ریس کورس اور جوہو میں واقع امیتابھ بچن کے بنگلے کا ذکر کیا گیا تھا۔
امیتابھ بچن کے گھر کو دھمکی ملنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں۔ 23 اکتوبر کو ممبئی میئر کے دفتر کو بھی اسی نوعیت کی ای میل موصول ہوئی تھی، جس میں اداکار کے جوہو والے گھر، میئر کے دفتر اور مہالکشمی ریس کورس کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی تھی۔