مختلف علاقوں میں پولیس اور جرائم پشہ افراد کے درمیان ہونے والے مبینہ پولیس مقابلوں میں 12 زخمیوں سمیت 18 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، گولیاں، موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ویسٹ کے علاقے پاکستان بازار تھانے کی حدود بسمہ اللہ چوک پر پولیس کا چار رکنی ڈکیت گروہ سے مقابلہ ہوا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق دوطرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار مسلح ملزمان فرقان ولد اکبر، شبیر علی عرف معصوم ولد بابر علی، محمد امتیاز ولد اشتیاق خان اور محمد حسن عرف منا ولد محمد نوشاد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔
ملزمان کے قبضے سے دو غیر قانونی پستلز، ایمونیشن، چلیدہ خول، موبائل فون اور نقدی برآمد ہوئی، جبکہ دونوں موٹرسائیکلیں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کیلئے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا۔
سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود ناردرن بائی پاس پر پولیس کا سات رکنی مبینہ ڈکیت گروہ سے مقابلہ ہوا، ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو زخمیوں سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ۔
گرفتار زخمی ملزمان کی شناخت جاوید عرف استاد ولد فیاض اور صغیر احمد ولد شبیر احمد کے ناموں سے کرلی گئی ہے۔ جبکہ دیگر پانچ گرفتار ملزمان میں طلعت ولد سہیل، سلمان عرف سورج ولد شوکت، وسیم ولد مظفر، توقیر ولد منیر اور پرویز ولد اللہ دیتہ شامل ہیں ۔
پولیس نے ملزمان کے قبضے سے پانچ غیر قانونی پستول، ایمونیشن، چلیدہ خول، چھینے گئے چھ موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلیا ہے۔ ملزمان کے زیر استعمال ایک رکشہ اور تین موٹرسائیکلیں بھی قبضے میں لے لی گئی ہیں۔ تاہم گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ادھر ڈسٹرکٹ سینٹرل کے علاقے نیو کراچی سیکٹر الیون جے میں پرانے آئیڈیل شادی لان کے قریب مبینہ پولیس مقابلے کے دوران زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کی شناخت ارشد خان ولد طور خان جبکہ دوسرے ساتھی کی الامین ولد عالم شاہ کے ناموں سے شناخت کرلی گئی ہے۔
ترجمان ضلع سینٹرل پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 30 بور پستول، لوڈ میگزین اور پانچ زندہ گولیاں برآمد ہوئیں، جبکہ ان کے زیر استعمال سیاہ رنگ کی 70 موٹرسائیکل نیو کراچی تھانے کے مقدمے میں چوری شدہ مطلوب ہے۔
ادھر ایف بی انڈسٹریل ایریا پولیس نے لیاری ندی، لیاری ایکسپریس وے کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران رفیق ولد نیک محمد کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ اس کا ساتھی موٹرسائیکل چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ گرفتار ملزم سے 30 بور پستول، لوڈ میگزین اور ایک زندہ راؤنڈ برآمد ہوا، جبکہ موٹرسائیکل کا ریکارڈ بھی چیک کیا جارہا ہے۔
اس ہی طرح پاپوش نگر تھانے کی حدود اندرون قبرستان میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ۔ زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسکی شناخت محمد حامد خان ولد ظہور احمد کے نام سے کرلی گئی۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے 30 بور پستول، دو زندہ راؤنڈز اور ٹیکنو و موٹرولا کمپنیوں کے دو ٹچ اسکرین موبائل فونز برآمد ہوئے۔
دوسری جانب ڈسٹرکٹ ساوتھ ڈیفنس فیز 6 میں خیابانِ محافظ، اسٹریٹ نمبر 16 کے قریب پولیس مقابلے میں دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انکی شناخت 25 سالہ ساگر ولد لیاقت اور 20 سالہ امان اللہ ولد آمین کے ناموں سے ہوئی، چھیپا ذرائع کے مطابق دونوں زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔
ملیر کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سیکٹر انیس میں کمپنی کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں 16 سالہ حسین ولد پیر زمان زخمی حالت میں دھر لیا گیا۔ زخمی ملزم کوچھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ جبکہ ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے تحویل میں لے لیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی حاصل کیا جارہا ہے اور فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے۔