خاتون اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کا مقدمہ ان کے شوہر احسن طاہر کے خلاف راولپنڈی میں درج کرلیا گیا۔
راولپنڈی تھانہ صدر بیرونی پولیس نے مقتولہ ربیعہ احسن کے بھائی خرم احمد کی مدعیت میں احسن طاہر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا، جس میں کہا گیا ہے کہ واقعہ 8 نومبر کو دوپہر ڈھائی بجے گلشن آباد سیکٹر ٹو میں پیش آیا۔
مدعی خرم احمد نے مقدمے میں الزام عائد کیا کہ میری بہن پر اس کے شوہر احسن طاہر نے گولی چلائی اور اس وقت مقتولہ کی والدہ اور بہن گھر کے لان میں تھیں جب بیڈ روم سے فائر کی آواز آئی۔
انہوں نے کہا ہے کہ بہن کمرے میں پہنچی تو ربیعہ فرش پر خون میں لت پت پڑی تھیں اور احسن کے ہاتھ میں پستول تھا۔
ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پولیس فورنزک ٹیم نے جائے وقوع سے شواہد جمع کیے، 30 بور کا پستول اور گولیاں تحویل میں لیں۔
پولیس کے مطابق ملزم احسن طاہر نے بتایا کہ اس نے اسی پستول سے اپنی بیوی پر فائر کیا جبکہ ملزم پستول کا لائسنس یا اجازت نامہ پیش نہ کر سکا۔
اینکر پرسن ربیعہ احسن کے قتل کے مقدمے میں دفعہ 302 اور پنجاب آرمز ترمیمی آرڈیننس کی دفعہ 13(2)(a) شامل کی گئی ہے۔
ایف آئی آر میں مزید بتایا گیا ہے کہ مقتولہ کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے بینظیر بھٹو اسپتال منتقل کر دی گئی۔