جاپان نے سیاحوں کو اپنے ملک میں آنے کی اجازت دے دی ہے، عالمی وباء کورونا کے بعد دو سال میں پہلا موقع ہے جب سیاح جاپان میں داخل ہو سکیں گے۔
جاپان نے تقریباً دو سال کے وقفے کے بعد سمندر پار سے سیاحوں کو قبول کرنے کا عمل دوبارہ شروع کرنے کی غرض سے انسداد کورونا وائرس سے متعلقہ اپنی سرحدی پابندیاں نرم کر دی ہیں۔
حکومت جاپان نے جمعہ کے روز کووڈ 19 کے پھیلاؤ کے حوالے سے کم خطرے کے حامل باور کیے جانے والے 98 ممالک اور خطوں کے سیاحوں کے لئے اپنی سرحدیں کھول دی ہیں۔ ان ممالک میں امریکہ، جنوبی کوریا اور چین شامل ہیں۔
مذکورہ گروپ میں شامل ممالک سے آنے والے سیاح آمد پر وائرس معائنوں اور خود کو قرنطینہ کرنے سے مستثنیٰ ہوں گے خواہ ان کو ویکسین لگی ہو یا نہیں۔
تاہم ابھی بھی سیاحوں کی محدود تعداد کو داخلے کی اجازت دی جائے گی کیونکہ جاپان میں داخل ہونے والے افراد کی زیادہ سے زیادہ یومیہ حد 20 ہزار مقرر ہے۔
وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کی کوششوں کے حصے کے طور پر فی الحال سیاح صرف نگران عملے پر مشتمل پیکج ٹوورز کے تحت ہی جاپان آ سکیں گے۔
Advertisement
جاپان سیاحتی ایجنسی نے رہنما اصول جاری کیے ہیں جن کے تحت ٹریول ایجنسیاں اس بات کو یقینی بنائیں گی کہ سیاح ماسک پہننے جیسے انسداد وائرس اقدامات کی پاسداری کریں۔
جاپان میں ہنگامی طبی امداد کی ضرورت پڑنے کی ممکنہ صورتحال کے حوالے سے ایجنسیوں کو سیاحوں سے پرائیویٹ میڈیکل انشورنس کرانے کی رضامندی بھی لینا ہو گی۔