قومی ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل نے مصیبت میں پرانی رقابتوں کو فراموش کرنے کی اعلیٰ مثال قائم کردی۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹر عمراکمل نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ بیمار سابق ٹیسٹ کرکٹر ذوالقرنین حیدر کے گھر جاکر ان کی عیادت کی۔
عمر اکمل کا کہنا ہے کہ ذوالقرنین حیدر کی ویڈیو دیکھ کر مجھے بہت افسوس ہوا۔ انسانیت اور ساتھی کرکٹر کی حیثیت سے یہاں آیا ہوں، اللہ تعالی کسی پر ایسا وقت نہ لائے۔
انہوں نے بتایا کہ جتنی ہوسکتی تھی ذوالقرنین کی مدد کی ہے اور کہہ کر بھی آیا ہوں کہ میں 24 گھنٹے دستیاب ہوں۔ ماضی کو لے کر میرے دل میں کچھ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ سابق قومی ٹیسٹ کرکٹر ذوالقرنین حیدر معدے کے خطرناک عارضے میں مبتلا ہیں۔
Advertisement
وہ ایک غیر ملکی لیگ کے دوران بیماری کا شکار ہوئے تھے اور فوری وطن واپس آکر مقامی اسپتال سے آپریشن کرایا تھا۔
ذوالقرنین حیدر کا کہنا تھا کہ عمان میں باسی کھانا کھانے سے خطرناک انفیکشن ہوا تھا۔ معدے میں زخم ہونے سے پیٹ میں مختلف کیمیکل پھیل گئے اور حالت غیر ہوگئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ بیرون ملک علاج کے اخراجات نہیں اٹھا سکتا تھا۔
گزشتہ روز پی سی بی کی جانب سے ذوالقرنین حیدر کو علاج کی غرض سے چیک فراہم کیا گیا تھا اور انہیں علاج معالجے میں مکمل معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی گئی ہے۔