دنیا کے طاقت ور ترین پاسپورٹس کا اعزاز 3 ایشیائی ممالک کو حاصل ہوگیا ہے۔
پاسپورٹ کی درجہ بندی جاری کرنے والے ادارے ہینلے اینڈ پارٹنرز نے 2022 کی تیسری سہ ماہی کے لیے طاقت ور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری کی ہے۔
اس فہرست کے مطابق جاپانی پاسپورٹ دنیا میں سب سے طاقت ور ہے جس کو رکھنے والا فرد ویزا لیے بغیر 193 ممالک کا سفر کرسکتا ہے۔ سنگاپور اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں اور وہاں کے شہریوں کو 192 ممالک میں جانے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں۔
فن لینڈ، اٹلی اور لکسمبرگ کے پاسپورٹس مشترکہ طور پر چوتھے نمبر پر رہے جن کے حامل افراد 189 ممالک کا سفر ویزے کے بغیر کرسکتے ہیں۔
اسی طرح 188 ممالک کے ویزا فری سفر کے ساتھ آسٹریا، ڈنمارک، نیدرلینڈز اور سوئیڈن 5 ویں نمبر پر موجود ہیں۔
Advertisement
فرانس، آئرلینڈ، پرتگال اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو 187 ممالک میں ویزے کے بغیر سفر کرنے کی سہولت حاصل ہے اور ان ممالک کے پاسپورٹس اس فہرست میں چھٹے نمبر پر ہیں۔
بیلجیئم، نیوزی لینڈ، ناروے، سوئٹزرلینڈ اور امریکا کے پاسپورٹس پر 186 ممالک کا سفر ویزا کے بغیر کرنا ممکن ہے اور یہ فہرست میں 7 ویں نمبر پر ہیں۔
اس فہرست میں پاکستان کمزور ترین پاسپورٹ رکھنے والا چوتھا ملک قرار پایا جو 109 ویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستانی پاسپورٹ پر 32 ممالک میں ویزے کے بغیر سفر کیا جاسکتا ہے۔
پاکستان سے نیچے شام (110 ویں نمبر پر)، عراق (111 ویں نمبر پر) اور افغانستان (112 ویں نمبر پر) موجود ہیں۔
اس کے مقابلے میں یمن (108 ویں)، صومالیہ (107 ویں)، نیپال اور فلسطین (106 ویں) اور شمالی کوریا (105 ویں) پاکستان کے مقابلے میں زیادہ طاقت ور پاسپورٹ قرار پائے۔