وام اور روس کے اہم میڈیا اداروں کا تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال
وام اور روسی میڈیا اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے دستیاب مواقع پر تبادلہ خیال
ماسکو(نوزڈیسک):: امارات نیوزایجنسی (وام )کے ڈائریکٹر جنرل محمد جلال الریسی کی سربراہی میں وام کے وفد نے روس کے کئی ایک بڑے میڈیا اداروں کے حکام سے ملاقات کی ،جن میں خبروں کے تبادلے،میڈیا کے تربیتی پروگرامز اور تجربات کے اشتراک کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
یہ ملاقات "روس – اسلامی دنیا: میڈیا تعاون میں عملی اقدامات” کے عنوان سے روس کے دارالحکومت ماسکو میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس میں وام کی شرکت کے موقع پر ہوئی، جس میں دنیا بھر کے میڈیا اداروں کے 50 سے زائد نمائندوں نے شرکت کی۔یہ ملاقاتیں روسی میڈیا کے ساتھ بین الاقوامی شراکت داری کو مضبوط کرنے اور بین الاقوامی میڈیا اداروں کے ساتھ اسٹریٹجک تعلقات کا وسیع نیٹ ورک تشکیل دینے کے لیے وام کی جاری حکمت عملی کا حصہ ہیں۔
وام کے وفد نے مستقبل کے تعاون پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے رپٹلائی کی چیف کنٹینٹ اینڈ اسٹریٹجی افسر ایکاترینا میورینکووا، روسی فیڈریشن کونسل کے رکن اور گروپ آف اسٹریٹجک وژن "روس –اسلامی دنیا” کے نائب سربراہ فارت مخامت شن اورتاس کے ڈائریکٹر جنرل سرگئی میخایلوف اور سپوتنک نیوز ایجنسی اینڈ ریڈیو میں بین الاقوامی تعاون کے ڈائریکٹر واسیلی پشکوف سے ملاقات کی۔ گلوبل میڈیا کانگریس (جی ایم سی) کے دوران تاس کے ساتھ تعاون کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے تھے۔ملاقاتوں کے دوران، فریقین نے جی ایم سی کی کامیابیوں کا جائزہ اور نتائج کا اشتراک کرنے کے علاوہ میڈیا امور سے متعلق مختلف شعبوں میں وام اور روسی میڈیا اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے دستیاب مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔
ملاقاتوں میں تعاون کو مستحکم کرنے کے طریقوں ،خاص طور پر ‘نیوز ایجنسیوں اور میڈیا اداروں کے لیے رواداری چارٹر’ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا،جسے وام نے بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے اورایسے میڈیا مواد کی تخلیق کے لیے مشترکہ کوششوں کے لیے لانچ کیا جو رواداری، بین الثقافتی مکالمے، بقائے باہمی اور قبولیت کوفروغ دیتا ہو۔
روسی حکام نے وام کے رواداری چارٹر میں شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عالمی استحکام اور خوشحالی کے لیے ایسی اقدار ضروری ہیں۔ انہوں نے ابوظہبی میں منعقد ہونے والی گلوبل میڈیا کانگریس کی کامیابیوں اور دنیا بھر میں میڈیا کے شعبے کے مستقبل کی تشکیل میں اس کی اہمیت کو سراہا۔
مزید برآں، وام کے وفد نے روس کے آر ٹی نیوز چینل کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں آر ٹی کے ڈائریکٹر جنرل الیکسی نیکولوف نے محمد جلال الریسی اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لینے کے علاوہ چینل کے کام کےطریقہ کار کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ اس موقع پر الریسی نے کہا کہ صدرمتحدہ عرب امارات،عزت مآب شیخ محمد بن زاید آل نھیان کی قیادت میں، رواداری، امن، بقائے باہمی اور ڈائیلاگ کی اقدار کے تحت مختلف شعبوں میں دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ تعاون کو بڑھانے کا خواہاں ہے تاکہ ، پائیدار ترقی کو فروغ دیتے ہوئے عالمی سطح پر استحکام اور خوشحالی کے حصول میں مدد کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ روس کے میڈیا اداروں کے پاس ایک شاندار ٹریک ریکارڈ ہے جو امید افزا شراکت قائم کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے جسے تجربات اور علم کے تبادلوں کے ذریعے مزید مستحکم اور متحدہ عرب امارات کے ترقیاتی اور انسانی ہمدردی کے پیغامات کی ترویج اور اس کی کامیابیوں کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کے لیے روسی میڈیا پلیٹ فارمز سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے(نیوزوتصویربشکریہ وام)۔