عید الاضحی پرہلال احمر امارات کی امداد سے 7لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوئے
عید الاضحی کے لئے ہلال احمر امارات کے امدادی اور فلاحی اقدامات سے ملک کے اندر اور بیرون ملک 710,000 افراد مستفید ہوئے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے اندر تقریباََ 210،000 افراد نے ہلال احمر امارات کے اقدامات جن میں قربانی کا گوشت، کھانے کے پارسل اور عید کے لباس کی تقسیم شامل ہیں سے مستفید ہوئے۔ اسی طرح بیرون ملک 80 سے زائد ممالک کے 500,000 سے زائد افراد نے بھی ہلال احمر امارات کے ان اقدامات سے فائدہ اٹھایا ہے۔ ہلال احمر امارات کا کہنا ہے کہ کوروناوائرس، کوویڈ ۔19 کے آغاز سے ہی اسکے امدادی اقدامات جاری ہیں۔ ہلال احمر نے وباء کا مقابلہ کرنے کیلئے متحدہ عرب امارات کی قومی قیادت کی ہدایت کے مطابق حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا اور معاشرے کے ضرورت مند طبقوں کی ضروریات کو پورا کیا۔ ہلال احمر امارات نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ قربانی کے گوشت کے اپنے سالانہ پروگرام پر عملدرآمد کویقینی بنائے گا جس کے تحت معاشرے کے کمزور طبقوں کی ضروریات پوری کی جاتی ہیں تاکہ انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کیا جائے۔ ہلال احمر امارات کا کہنا ہے کہ اس سال قربانی کے گوشت کا پروگرام غیر معمولی صحت، معاشی اور معاشرتی حالات کے دوران ہو رہا ہے جس کی وجہ کورونا وائرس اور اس کے منفی مضمرات ہیں۔ ہلال احمر کا کہنا ہے کہ اس نے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کرتے ہوئے اپنے مقاصد کو حاصل کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ وہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے معاشرتی دوری کے قوانین کا احترام کرے گی۔ ہلال احمر نے مزید کہا ہے کہ تنظیم نے عطیات دینے کے عمل کا آسان بنا دیا ہے ۔ عطیہ دینے والے تنظیم کی ویب سائٹ، سمارٹ ایپلی کیشن یا ملک بھر میں 300 مقامات پر تنظیم کے نمائندوں کو اپنے عطیات دے سکتے ہیں ۔ ہلال احمر کے مطابق ہجوم سے بچنے کیلئے قربانی کا گوشت ضرورت مند افراد کو ان کی رہائشگاہوں پر فراہم کیا جائے گا ۔ ہلال احمر کا کہنا ہے کہ وہ اپنی گزشتہ روایت کے مطابق بچوں کو عید کے کپڑے، کھلونے اور مٹھائی بھی فراہم کرے گا۔ ہلال احمر کا کہنا ہے کہ تنظیم بین الاقوامی سطح پر احتیاطی تدابیر کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے غیرملکی سفارتخانوں کے تعاون سے 81 ممالک میں ضرورت مند افراد کو عید کے موقع پر مدد فراہم کرے گی (نیوزبشکریہ وام )۔۔۔۔