
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے اپنی شادی کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر اپنی اہلیہ سمیعہ خان کو مبارک باد دیتے ہوئے ان کے نام پیار بھرا پیغام سوشل میڈیا پر شیئر کیا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر حسن علی نے گزشتہ روز چند تصاویر کو ویڈیو کی صورت میں ایڈٹ کرکے شیئر کی۔
اس ویڈیو میں فاسٹ بولر نے اپنی اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ گزارے ہوئے چند خوبصورت اور یادگار لمحات کی تصاویر شیئر کی ہیں۔
اس ویڈیو کے بیگ گرونڈ میں کنگ آف قوالی استاد نصرت فتح علی خان کا گیت ’آفرین آفرین‘ لگا ہوا ہے جو ممکنہ طور پر اہلیہ کے لئے کھلاڑی کے جذبات کی ترجمانی بخوبی کر رہا ہے۔
مذکورہ ویڈیو کے کیپشن میں حسن علی نے لکھا کہ ’میری شریک حیات کو شادی کی سالگرہ بہت بہت مبارک ہو، میرے اچھے اور بُرے دنوں میں میرا ساتھ دینے کا بہت شکریہ، ابھی مزید بہت سے سال ایک سات گزارنے ہیں‘۔
خیال رہے کہ حسن علی اور سمعیہ خان کی پہی ملاقات 2018 میں دبئی میں ہوئی تھی۔ 20 اگست 2019 کو یہ دونوں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے اور ان کی ایک بیٹی ’ہیلینا‘ ہے جو 2021 میں پیدا ہوئی۔