
امریکی پولیس کی گاڑی سے ٹکرا کر ہلاک ہونے والی بھارتی طالبہ جھانوی کنڈولا کو یونیورسٹی نے ماسٹرز کی ڈگری دے دی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بھارتی ریاست آندھرا پردیش کی طالب علم جھانوی کنڈولا جوکہ رواں سال 23 جنوری کو امریکی شہر سیٹل میں پولیس کی تیز رفتار گاڑی سے ٹکرانے سے ہلاک ہوگئی تھیں، ان کی موت کے بعد یونیورسٹی نے ان کی ماسٹرز کی ڈگری ان کے والدین کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں امریکی پولیس اہلکار کوجھانوی کنڈولا کی حادثے میں موت کے بارے میں بات کرتے ہوئے ہنستے ہوئے اور نسل پرستانہ تبصرہ کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس پر صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
جس کے بعد امریکا کی نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی کے چانسلر نے اپنے بھارتی طلباء سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہ بات تسلیم کرتے ہیں کہ ہماری یونیورسٹی کے تمام کیمپسز میں موجود طلباء اس سانحہ سے متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم اس موقع پر آپ کے ساتھ کھڑے ہیں اور پوری توقع رکھتے ہیں کہ اس معاملے کی تحقیقات کے بعد انصاف اور احتساب ضرور ملے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والی 23 سالہ جھانوی کنڈولا ساؤتھ لیک یونین میں واقع نارتھ ایسٹرن یونیورسٹی کیمپس سے ماسٹرز ڈگری حاصل کر رہی تھیں۔
وہ 2021ء میں اسٹوڈنٹ ایکسچینج پروگرام کے ذریعے بنگلورو سے امریکا گئی تھیں اور رواں سال دسمبر میں اپنی ڈگری مکمل کرنے والی تھیں۔