دفاعی نمائشیں20.957ارب درہم کے معاہدوں کیساتھ ختم ہوگئیں
آئیڈکس اورنیوڈکس میں 957۔20 ارب درہم کے معاہدے
ابوظہبی میں ہونے والی بین الاقوامی دفاعی نمائشوں میں 62445 افرادنے شرکت کی
ابوظہبی (اردوویکلی)::بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈکس اور نیول دفاعی نمائش نیوڈکس کا 15 واں ایڈیشن 20.957 ارب درہم کے دفاعی معاہدوں کے ساتھ ختم ہوگیا۔ نمائشوں کی ہائر آرگنائزنگ کمیٹی نے ابوظبی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران اس ایڈیشن کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پانچ روزہ پروگرام میں مقامی اور بین الاقوامی سطح پر بھرپور شرکت کی گئی۔ 15 ویں ایڈیشن کی مرکزی کامیابی یہ ہے کہ وباء کے بعد بحالی کے دور میں میں ہونے والا یہ پہلا عالمی دفاعی ایونٹ تھا جس میں پانچ دن کے دوران 62,445 افراد نے شرکت کی ۔ پہلی بار ان نمائشوں میں حصہ لینے والے پانچ ممالک اسرائیل، شمالی مقدونیہ، لکسمبرگ، پرتگال اور آذربائیجان کے ساتھ 900 نمائش کنندگان، 59 ممالک اور 35 بین الاقوامی کمپنیوں نے ان نمائشوں میں حصہ لیا۔اور 2021 میں ہونی والی آئیڈکس اورنیوڈکس نمائشوں کے دوران متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج نے مختلف کمپنیوں کے ساتھ 20.957 ارب درہم (5.7 ارب ڈالر) کے معاہدوں پر دستخط کئے ۔ نمائش کے آخری دن بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ پانچ اور مقامی کمپنیوں کے ساتھ 15 معاہدوں پر دستخط ہوئے جنکی مالیت 904.2 ملین درہم (246.2 ملین ڈالر) ہے۔ کمیٹی نے ابوظبی نیشنل ایگزبیشن سینٹرمیں پریس کانفرنس کے دوران دونوں نمائشوں کے اختتام کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ابو ظبی پولیس کے کمانڈر انچیف اور آئیڈکس اورنیوڈکس کے لئے آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل پائلٹ فارس خلف المزروعی، وزارت دفاع میں اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری میجر جنرل اسٹاف پائلٹ اسحاق صالح محمد البلوشی، سپریم کمیٹی کے وائس چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر حمید مطر الظہری اور ابو ظبی قومی نمائش کمپنی (ADNEC) اور اس کی کمپنیوں کے گروپ کے چیف ایگزیکٹوآفیسرزبھی موجود تھے۔ نمائشوں کے اختتام پر تبصرہ کرتے ہوئے میجر جنرل اسٹاف پائلٹ فارس خلف المزروعی نے کہا کہ آئیڈکس اور نیوڈکس نمائشوں کا 15 واں ایڈیشن غیر معمولی رہا۔ انھوں نے کہاکہ ان نمائشوں نے کورونا سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کے باوجود نمائش کنندگان اور شرکا کو اپنی مصنوعات کی نمائش کیلئے ایک عالمی پلیٹ فارم فراہم کرکے اپنے عالمی تشخص کو مزید مضبوط کیا۔ انھوں نے کہا کہ دونوں نمائشیں چوتھے صنعتی انقلاب کی تیز رفتار ترقی کے مطابق جدت طرازی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ان نمائشوں کی کامیابی ہماری دانشمندانہ قیادت کی بھرپور حمایت سے ہی ممکن ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ ابو ظبی میں دنیا کی میزبانی کرنے کی ہماری صلاحیت پر ان کا اعتماد اس ایڈیشن کی بھرپور کامیابی کے لئے اہم رہا ہے۔ آج کا دن ایک نئے باب کا اضافہ ہے۔ 2021 متحدہ عرب امارات کے قیام کی گولڈن جوبلی کاسال ہے۔ اس یونین نے ہماری قوم کو ہمارے دفاعی انفراسٹرکچر اور تکنیکی نظام میں توسیع کرنے کے قابل بنا دیا ہے۔ انھوں نے کہاکہ ہم نے ان کا استعمال مشرق وسطی میں سلامتی اور امن کو یقینی بنانے کے لئے کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نمائشوں کے اس ایڈیشن کا سب سے اہم کارنامہ تمام احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد تھا جس نے تمام شرکاء، نمائش کنندگان اور سیاحوں کی صحت و حفاظت کو یقینی بنایا۔(نیوزبشکریہ وام)۔