
نامور بھارتی شاعر اور نغمہ نگار جاوید اختر نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی پوتیوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹ میں مذہب کی جگہ پر ’قابلِ اطلاق نہیں‘ لکھا ہے۔
اپنے ایک تازہ انٹرویو کے دوران جاوید اختر سے ان کے بچوں کی پرورش سے متعلق سوال کیا گیا تو جاوید اختر نے کہا کہ بچے ہمیشہ اپنے بڑوں کی مثالوں سے سیکھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسا ممکن ہی نہیں کہ آپ بچوں کو ایک کریش کورس میں ساری دانائی دے سکیں کیونکہ بچے وہ نہیں کرتے جو آپ انہیں کرنے کا کہتے ہیں بلکہ وہ ایسا ہی کام کرتے ہیں جیسا آپ کرتے ہیں۔
اپنی بات جاری رکھتے ہوئے جاوید اختر کا کہنا تھا کہ وہ دیکھتے ہیں کہ آپ کی اخلاقی اقدار کیا ہیں، آپ کے تصورات کیا ہیں، آپ کس چیز کو سراہتے ہیں اور آپ کے نزدیک اہم کیا ہے؟ یہ ایک پورا عمل ہے جو ان میں داخل ہوتا ہے۔
جاوید اختر کا کہنا تھا کہ میرے دونوں بچے ملحد ہیں، حتیٰ کہ فرحان کی دونوں بیٹیوں کے پیدائشی سرٹیفکیٹ میں مذہب کے آگے ’قابلِ اطلاق نہیں‘ لکھا ہے۔