ابوظہبی(اردوویکلی)::جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی اور نیشنل ایمرجنسی کرائسز اینڈ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ بنگلہ دیش ، پاکستان ، نیپال اور سری لنکا سے آنے والے مسافروں کا ملکی اور غیر ملکی پروازوں کے ذریعے ملک میں داخلہ بدھ 12 مئی کی رات 12 بجے سے معطل کیا جارہا ہے ۔ اس فیصلے کااطلاق ٹرانزت مسافروں پربھی ہوگا۔ مگرایسی پروازوں کواستثنی دیاگیاہے جو متحدہ عرب امارات کے راستے ان چاروں ممالک کو جارہی ہونگیں ۔ اس فیصلے کا اطلاق ان تمام مسافروں پر بھی ہوگا جو عرب امارات آںے سے 14 دن قبل تک بنگلہ دیش ، پاکستان ، نیپال اور سری لنکا میں موجود رہے ہونگے ۔ان چاروں ممالک اور متحدہ عرب امارات کے درمیان پروازوں کا تسلسل جاری رہے گا ، عرب امارات سے مسافروں کو ان ممالک میں جانے کی اجازت رہے گی ۔ اس فیصلے سے ایسے گروپ متاثرنہیں ہونگے جوکہ مکمل احتیاطی اقدامات کے ساتھ سفر کرسکیں گے ۔ ان گروپس میں اماراتی شہری ، عرب امارات کی جانب سے ان ممالک میں متعین سفارتکار ، سرکاری وفود ، کاروباری چارٹرڈ فلائٹس اور گولڈن ریزیڈنسی ویزا کے حال افراد شامل ہیں ۔ تاہم ان کو مکمل احتیاطی و حفاظتی اقدامات بروئے کار لانے کے ساتھ عرب امارات آمد پر دس روز قرنطینہ اور ایئرپورٹ پر اور اس کے بعد آمد کے چوتھے اور آٹھویں دن پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہونگے ، علاوہ ازیں پی سی آر ٹیسٹ کی معیاد کو 72 گھنٹوں سے کم کرکے 48 گھنٹے کردیا گیا ہے اور طے شدہ معیار والے ٹیسٹ ہی قبول ہونگے جن پر کیو آر کوڈ درج ہوگا – اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ ان چاروں ممالک سے آنے والے اگر کسی اور ملک کے راستے عرب امارات آئیں گے تو انہیں امارات آنے سے پہلے اس ملک میں کم از کم چودہ روز قیام کرنا ہوگا ۔ اس کے علاوہ عرب امارات کی ان چاروں ممالک کے ساتھ کارگو پروازیں بدستور چلتی رہیں گی اتھارٹی نے متعلقہ مسافروں کو اپنی پروازوں کے شیڈول کے بارے میں متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ میں رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے(نیوزبشکریہ وام)۔