سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب کاانعقاد۔

پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعدادمیں شرکت

182

۔85ویں یوم پاکستان کے موقع پرسفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں پروقار تقریب کاانعقاد۔

 پاکستان کمیونٹی کے نوجوانوں،خواتین، بچوں اورابوظہبی میں مقیم داؤدی بوہرہ برادری کی قومی دن کی تقریب میں خصوصی شرکت

 پرچم کشائی کی رسم اداکی گئی اورتقریب میں صدر،وزیراعظم ،نائب وزیراعظم اوروزیرخارجہ کے قوم کے نام پیغامات پڑھ کرسنائے گئے۔

 معاشی چیلنجوں کا مقابلہ اور خوشحال ملک بنانے کے لیے معاشرے میں اتحاد اور ہم آہنگی کی ضرورت ہے(سفیرپاکستان)

ابوظہبی(اردوویکلی):۔دیگرممالک کی طرح یواے ای میں سفارت خانہ پاکستان میں بھی ہرسال کی طرح امسال بھی ایک سادہ مگر پروقار تقریب کاانعقاد کیا گیا۔جس میں بچوں،خواتین،نوجوانوں ،یواے ای میں مقیم مختلف شعبہ ہائے حیات سے وابستہ کمیونٹی ممبران ،ابوظہبی میں مقیم داؤدی بوہرہ کمیونٹی کے ممتازعمائدین اورسفارت خانہ پاکستان کے اعلی افسران اور عملے کی اہل خانہ کے ہمراہ شرکت۔
تقریب کاباضابطہ آغاز تلاوت قرآن پا ک سے ہواجس کی سعادت حافظ جمشیدنے حاصل کی،بعدازاں سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی نے قومی ترانے کی دھن پرپرچم کشائی کی رسم اداکرتے ہوئے سبزہلالی پرچم لہرایا۔
پروقارتقریب کی نظامت کے فرائض ہیڈآف چانسری سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی محمدوسیم عباس نے بڑے احسن اندازمیں انجام دیئے،صدرمملکت آصف علی زرداری کاقوم کے نام پیغام فرسٹ سیکریٹری وقاص احمد،وزیراعظم شہبازشریف کاپیغام سیکنڈسیکریٹری محترمہ کرن نازاورنائب وزیراعظم ووزیرخارجہ کاپیغام ناظم تقریب نے خود پڑھ کرسنایا۔
اس موقع پرمتحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیرفیصل نیازترمذی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے اور پاکستان کو ایک مستحکم اور خوشحال ملک بنانے کے لیے معاشرے میں اتحاد، رواداری اور ہم آہنگی کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے   انہوں نے آزادی کی قدر پر زور دیتے  ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی تسلط اور فلسطین کے عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا جو کئی دہائیوں سے قابض افواج کی جارحیت اور تشدد کا شکار ہیں۔انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کیا اور یو اے ای کی ترقی اور خوشحالی میں پاکستانیوں کے اہم کردار کابھی ذکرکیا۔
سفیرپاکستان فیصل نیازترمذی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں نے معاشی چیلنجز پر قابو پانے کے لیے پاکستان کی معیشت میں بہت بڑا کردار ادا کیا ہے جو ان کی بے پناہ شراکت کا اعتراف ہے۔
سفیرپاکستان نے مزیدکہا کہ پاکستانی کمیونٹی اسکولوں کے تعلیمی معیاراورانفراسٹرکچرمیں بہتری آئی ہے ابوظہبی کے 2کمیونٹی اسکول گڈ رینکنگ میں آگئے ہیں انشااللہ باقی اسکولوں کامعیاربھی جلد اپ گریڈ ہوجائیگا اس میں اساتذہ اور والدین کاکردار بہت اہم ہے جس پرمیں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں
متحدہ عرب امارات کے بانی مرحوم شیخ زاید بن سلطان آلنہیان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے، سفارت خانہ عرصہ 55 سال سے زائد متحدہ عرب امارات میں مقیم ممتاز پاکستانی بزنس مین ،مسٹر خان زمان سرور کی طرف سے مرحوم شیخ زاید بن سلطان آلنہیان کی زندگی اور کام پر ایک کتاب کا باضابطہ اجراء کرے گا۔ یہ پاکستانی کمیونٹی کی طرف سے صدر یواے ای عزت مآب شیخ محمد بن زاید النہیان کی طرف سے اعلان کردہ کمیونٹی کے سال پرشاندار خراج تحسین ہے۔
اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے، انہوں نے کمیونٹی کے ارکان پر زور دیا کہ وہ متحدہ عرب امارات کے معاشرے کا قیمتی اثاثہ بنے رہیں اورہمیشہ متحدہ عرب امارات کے قوانین، قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کرتے رہیں۔ اور کسی ایسی سرگرمی میں حصہ نہ لیں جسکی یہاں کا قانون اجازت نہیں دیتابالخصوص سوشل میڈیا کے منفی پراپیگنڈےسے احتیاط برتیں۔
یوم پاکستان کی تقریب میں پاکستانی طلباء کے ایک گروپ نے ملی نغموں کو قومی جذبے اور جوش و خروش سے گایااورتقریب کوچارچاندلگادیئے۔بعد ازاں سفیرپاکستان کمیونٹی میں گھل مل گئے اورشرکا اور بچوں کے ساتھ تصاویربنوائیں۔۔
یاد رہے 23 مارچ 1940 کو آل انڈیا مسلم لیگ کے سالانہ اجلاس میں قراردادِ لاہور منظور کی گئی، جسے بعد میں قراردادِ پاکستان کا نام دیا گیا۔ پہلی مرتبہ اس قرارداد میں برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک علیحدہ ریاست کے قیام کا واضح مطالبہ کیا گیا۔ یہی قرارداد 1947 میں پاکستان کے قیام کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔ اس دن کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ہر سال پاکستان اوردنیا بھر میں تقریبات منعقد کی جاتی ہیں تاکہ نئی نسل کو اپنی تاریخ سے روشناس کرایا جا سکے۔(اختتام)

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }