میر رضا قتل کیس میں نئی پیشرفت، حکومت کا جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ

11

سندھ کے صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار نے کہا ہے کہ نوجوان میر رضا علی قتل کیس کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس حوالے سے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کو خط لکھا جائے گا۔

صوبائی وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار مئیر کراچی مرتضی وہاب اور ایڈیشنل آئی جی کراچی  کے ہمراہ مقتول میر رضا کے گھر پہنچے اور مقتول کےاہل خانہ سے تعزیت کی اور لواحقین کو شفاف تحقیقات کی یقین دہائی کرائی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ میر رضا علی کیس کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور چیف جسٹس سندھ کو جوڈیشل کمیشن کے لیے خط کل ارسال کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نئی تحقیقاتی ٹیم ڈی آئی جی عامر فاروقی کی سربراہی میں کام کرے گی، حکومت چاہتی ہے کیس اپنے منطقی انجام تک پہنچے اور والدین اعتماد کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ مقتول کی فیملی جس پولیس افسر پر اعتماد کرے گی ان کو بھی تحقیقات میں شامل کیا جا سکتا ہے، چھوٹے سے شواہد بھی بڑے کیس کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ضیا الحسن لنجار نے کہا کہ میر رضا کیس میں آنے والی دو میڈیکل رپورٹس کا جائزہ جوڈیشل کمیشن لے گا، متضاد رپورٹس کے معاملے کا فیصلہ کمیشن یا عدالت پر چھوڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی کرائم سین کو مطلوبہ انداز میں محفوظ نہیں کیا گیا، جتنا معاملہ زیر بحث آئے گا اتنا تنازع بڑھے گا لہٰذا فیصلہ جوڈیشل کمیشن کرے۔

وزیرداخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت اس معاملے میں غیرجانب دار رہتے ہوئے حقائق سامنے لانا چاہتی ہے، کسی بھی کیس میں ایک فیصد بھی شک ہو تو تحقیقات 100 فیصد ہونی چاہئیں، تحقیقات کا رخ وقت کے ساتھ تبدیل ہو سکتا ہے لیکن انویسٹیگیشن ختم نہیں ہوتی۔

ضیاالحسن لنجار نے کہا کہ آئی جی یا کسی افسر کی رائے حتمی نہیں، تحقیقات جاری ہیں اور جوڈیشل کمیشن نئی تحقیقاتی ٹیم کے ساتھ تعاون اور نگرانی کرے گا۔

قبل ازیں آئی جی سندھ کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن میں میررضا علی قتل کیس کی تحقیقاتی کے لیے ڈی آئی جی عامر فاروقی کی سربراہی میں 5 رکنی کمیٹی بنانے کا اعلان کیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن میں بتایا گیا تھا کہ میر رضا علی کی قبرکشائی کے بعد سامنے آنے والی پوسٹمارٹم رپورٹ کی روشنی میں نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی ہے، جو ڈی آئی جی کرائم اینڈ انوسٹی گیشن عامر فاروقی کی سربراہی میں کام کرے گی، جس میں ایس ایس پی الفلاح سید محمد علی رضا سیکریٹری ہوں گے، دیگر اراکین میں ایس پی انوسٹی گیشن کورنگی قیس خان، ایس پی انوسٹی گیشن کراچی وسطی انعم تجمل، زمان ٹاؤن تھانے کے ایس آئی او غضنفر شامل ہیں۔

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }