اسرائیل میں پُراسرار بیماری نے ڈیرے ڈال دیئے، ہلاکتیں

10

اسرائیل میں ایک پراسرار بیماری کے باعث رواں سال 13 افراد کے متاثر ہونے کا انکشاف ہوا ہے جن میں سے 2 جان کی بازی ہار گئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزارت صحت کے حکام نے اس پراسرار بیماری سے متاثرہ علاقوں میں خطرناک وائرس سے متاثرہ مچھروں کی موجودگی کی بھی تصدیق کی ہے۔ 

اسرائیلی وزارت صحت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ان متاثرہ افراد میں ویسٹ نائل بخار کی تشخیص ہوئی ہے جو عام طور پر مچھروں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماری ہے۔

وزارت ماحولیاتی تحفظ نے بتایا ہے کہ ویسٹ نائل وائرس سے متاثرہ مچھر مناشے ریجنل کونسل، رامات ہاشارون اور ایلات میں پکڑے گئے ہیں۔

ماہرین کے بقول ’’ویسٹ نائل‘‘ نامی وائرس بنیادی طور پر ایسے مچھروں کے ذریعے انسانوں تک پہنچتا ہے جو وائرس سے متاثرہ پرندوں کا خون چوستے ہیں۔ اس کے بعد متاثرہ مچھر انسان کو کاٹنے سے وائرس منتقل کرسکتے ہیں۔

اسرائیلی وزارت صحت کے شعبہ صحت عامہ کی سربراہ پروفیسر سیگل سیڈزکی نے بتایا کہ یہ بیماری زیادہ تر کیسز میں ہلکی نوعیت کی ہوتی ہے اور متاثرہ شخص میں کوئی واضح علامت بھی ظاہر نہیں ہوتی۔

دماغی سوزش اور گردن توڑ بخار کا خطرہ

طبی ماہرین کے مطابق ویسٹ نائل وائرس بعض مریضوں میں اعصابی نظام کو متاثر کرسکتا ہے اور سنگین صورت میں دماغی سوزش یا گردن توڑ بخار جیسی پیچیدگیاں پیدا ہوسکتی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بیماری کی سنگین نوعیت کا خطرہ بالخصوص 60 سال سے زائد عمر کے افراد اور پہلے سے کسی بیماری میں مبتلا لوگوں میں زیادہ ہوتا ہے۔ 

متاثرہ علاقوں میں تحقیقات شروع

اسرائیلی حکام نے وائرس کے پھیلاؤ کے ممکنہ ذرائع کا سراغ لگانے کے لیے وبائیاتی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

حکام یہ معلوم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ متاثرہ افراد کو وائرس سے متاثرہ مچھروں نے کہاں کاٹا اور آیا مختلف علاقوں میں سامنے آنے والے کیسز کے درمیان کوئی تعلق موجود ہے یا نہیں۔ 

ماحولیاتی تحفظ کے حکام کی جانب سے متاثرہ مچھروں کی موجودگی کی نشاندہی کے بعد ان علاقوں میں مچھروں کی نگرانی اور کنٹرول کے اقدامات بھی اہمیت اختیار کرگئے ہیں۔

پُراسرار بیماری نے پھر سر اُٹھایا ہے 

اسرائیلی سرکاری ریکارڈ کے مطابق 2024 میں بھی اس بیماری کا نمایاں پھیلاؤ دیکھا گیا تھا، جب سیکڑوں انسانی کیسز رپورٹ ہوئے اور درجنوں اموات بھی ہوئیں۔

عالمی ادارہ برائے حیوانی صحت کے لیے جمع کرائی گئی اسرائیلی رپورٹ کے مطابق ستمبر 2024 تک 916 افراد میں بیماری کی تصدیق ہوئی تھی، جن میں 71 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ 

 

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }