قونصلیٹ جنرل پاکستان دبئی میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب

13

قونصلیٹ جنرل پاکستان دبئی میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب

پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت

دبئی:(اردوویکلی):: قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی میں پاکستان کے 80ویں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد، قونصلیٹ جنرل کے افسران و اہلکاران اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ تقریب میں قومی جوش و جذبے، ملی یکجہتی اور وطن سے محبت کا بھرپور اظہار کیا گیا۔
پرچم کشائی کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا، جبکہ شرکاء نے پاکستان کی آزادی اور اس کے قیام کے لیے دی جانے والی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائم مقام قونصل جنرل پاکستان دبئی فواد علی خان نے پاکستانی کمیونٹی کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست ہماری قومی تاریخ کا محض ایک دن نہیں بلکہ آزادی، قربانی، عزم اور قومی تشخص کی علامت ہے۔ پاکستان کا قیام لاکھوں مسلمانوں کی جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کا نتیجہ ہے۔
فواد علی خان نے قائدِاعظم محمد علی جناح کی بصیرت افروز قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قائدِاعظم نے قوم کو ایک آزاد وطن دینے کے ساتھ ساتھ ایمان، اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں پر مبنی واضح رہنمائی بھی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ آج ہمیں ان اصولوں کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنا کر پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہوگا۔
قائم مقام قونصل جنرل نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی نہ صرف متحدہ عرب امارات کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے بلکہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں بھی اپنا بھرپور حصہ ڈال رہی ہے۔ انہوں نے قانونی اور بینکاری ذرائع سے پاکستان کو ترسیلاتِ زر بھیجنے پر اوورسیز پاکستانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
بعد ازاں فواد علی خان نے پیرالل پیلیٹ کے تعاون سے قونصلیٹ جنرل پاکستان دبئی میں منعقدہ خصوصی آرٹ نمائش کا دورہ کیا۔ نمائش میں پاکستانی فنکاروں کے ایسے فن پارے پیش کیے گئے جو قائدِاعظم محمد علی جناح کے نظریات، شخصیت اور پاکستان سے ان کی محبت سے متاثر ہو کر تخلیق کیے گئے تھے۔
انہوں نے پیرالل پیلیٹ کی کاوش کو سراہتے ہوئے بالخصوص محترمہ سوبیکا فواد، محترمہ افشین بیگ اور دیگر پاکستانی فنکاروں کی تخلیقی صلاحیتوں اور شرکت کی تعریف کی۔ یہ نمائش حکومتِ پاکستان کی جانب سے 2026 کو "سالِ قائدِاعظم” کے طور پر منانے کے سلسلے میں بانیٔ پاکستان کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی۔
اپنے خطاب میں قائم مقام قونصل جنرل نے پاکستان کے شہداء اور ان کے اہلِ خانہ کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ وطنِ عزیز کی خدمت، ترقی اور خوشحالی کے لیے اتحاد، خلوص اور لگن کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتی رہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی پاکستان کے سفیر ہیں اور ان کا مثبت کردار نہ صرف ملک کی معیشت بلکہ پاکستان کے تشخص کو بھی دنیا بھر میں اجاگر کرتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ یومِ آزادی کی اس تقریب نے دبئی میں مقیم پاکستانیوں کے دلوں میں وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور پاکستان کی ترقی کے عزم کو مزید اجاگر کیا۔
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

@media print { body { color: inherit; /* Ensures that the color is maintained */ } }