سفارت خانہ پاکستان ابوظہبی میں یومِ آزادی کی پروقار تقریب کاانعقاد۔
۔22 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی طویل عرصے سے میزبانی پر یواے ای حکومت کے شکرگزارہیں(سفیرپاکستان شفقت علی خان)


ابوظہبی(نیوزڈیسک): سفارتخانہ پاکستان ابوظہبی میں پاکستان کا 80واں یوم آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سفارتخانے کے افسران ، اہلکاروں اور پاکستانی کمیونٹی اور ان کے اہلِ خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر جناب شفقت علی خان نے قومی ترانے کی دھن پر قومی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کے پیغامات بھی پڑھ کر سنائے گئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیر شفقت علی خان نے شرکاء کو یومِ آزادی کی مبارکباد دی اور پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی پر زور دیا کہ وہ وطنِ عزیز کی ترقی و خوشحالی میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار جاری رکھیں۔
سفیرپاکستان نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی اپنی محنت، صلاحیت اور لگن سے دونوں برادر ممالک کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کی ترسیلاتِ زر بھی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
سفیر پاکستان شفقت علی خان نے متحدہ عرب امارات کی حکومت کا 22 لاکھ سے زائد پاکستانیوں کی طویل عرصے سے میزبانی اور انہیں مختلف شعبوں میں تعاون و سہولیات فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ متحدہ عرب امارات کے قوانین کا مکمل احترام کرتے ہوئے ذمہ دار اور قانون پسند شہری کی حیثیت سے اپنا کردار ادا کریں۔
تقریب میں شیخ خلیفہ بن زاید عرب پاکستان اسکول کے بچوں نے ملی نغمے پیش کیے اور قومی جذبے کا اظہار کیا۔ بعد ازاں سفیر شفقت علی خان نے بچوں کے ہمراہ یومِ آزادی کا کیک کاٹا۔ تقریب میں پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور پاکستان و متحدہ عرب امارات کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کے مزید استحکام کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔۔